جمعرات 25 اپریل 2024

برطانیہ میں کرونا وائرس کا چوتھا کیس سامنے آ گیا

برطانیہ میں کرونا وائرس کا چوتھا کیس سامنے آ گیا

لندن: عالمی سطح پر مہلک کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ کم نہیں ہو سکا ہے، برطانیہ میں کرونا وائرس کا چوتھا کیس بھی سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا جس کے بعد برطانیہ میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے، این ایچ ایس نے بھی چوتھے مریض کی تصدیق کر دی۔

کرونا وائرس کے مریض کو لندن رائل فری اسپتال منتقل کر دیا گیا، کرونا وائرس سے متاثرہ دو مریضوں کا علاج یارکشائر کے علاقے نیوکاسل میں جاری ہے جب کہ دو مریضوں کا علاج لندن کے رائل فری اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ چار دن قبل تیسرے مریض کی تشخیص شہر برائٹن میں ہوئی تھی جب کہ مریض کو علاج کے لیے لندن منتقل کر دیا گیا تھا۔

دوسری طرف کرونا وائرس کے باعث برٹش چینی شہریوں کو تعصب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، نیوکاسل میں چینی نژاد برطانوی شہریوں کو نفرت آمیز رویوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ پر تعصب کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، برطانوی شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں موجود چینی شہریوں سے ہم بھی وائرس منتقل ہو رہا ہے۔

چین میں اب تک جان لیوا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 910 ہو چکی ہے، جب کہ وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 40 ہزار تک جا پہنچی ہے۔

Facebook Comments