جمعہ 19 اپریل 2024

دوران میچ نوجوان کرکٹر چل بسا

دوران میچ نوجوان کرکٹر چل بسا

نئی دیلی: بھارت میں دوران میچ 18 سالہ کرکٹر دل کا دورہ پڑنے سے زندگی کی بازی ہار گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست اڑیسہ میں 18 سالہ کرکٹر میچ کے دوران حرکت قلب بند ہونے سے چل بسا، ستیا جیت پردھان کو اس وقت دل کا دورہ پڑا جب وہ نان اسٹرائیک اینڈ سے سنگل رن لینے کے لیے بھاگے اور وکٹ کے درمیان میں پہنچ کر گرگئے۔

اڑیسہ کندرا پیڑا کالج میں زیر تعلیم ستیا جیت کو فوری طور پر مقامی اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ستیا جیت کا پوسٹ مارٹم ہونے کے بعد ہی ان کی موت کی صحیح وجہ سامنے آسکے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بنگال کلب کرکٹ کے سنویادیو نمائشی میچ کے دوران بیٹنگ کے بعد ڈریسنگ روم جارہے تھے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

یاد رہے کہ نومبر 2014 میں آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کی گردن پر گیند لگنے سے ناگہانی موت کے بعد اب کرکٹ قوانین کو کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے پہلے سے زیادہ محفوظ بنایا گیا ہے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں کھلاڑیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا جاتا ہے۔

Facebook Comments