جمعرات 25 اپریل 2024

ہم استعفوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، پیپلزپارٹی نے دوٹوک اعلان کردیا، پی ڈی ایم کو بڑا جھٹکا

کراچی (دھرتی نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی استعفوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، شازیہ مری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کا لہجہ افسوس ناک تھا، پیپلز پارٹی کے لیے سلیکٹڈ لفظ کا استعمال غلط ہے، ہم نے کبھی ڈیل نہیں کی کہنے کو ہمارے پاس بھی بہت کچھ ہے۔

بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ہم نے کبھی بھی استعفے کی بات نہیں کی، ہماری اپنی سیاست ہے، پیپلز پارٹی چاہتی ہے اتحاد قائم رہے، ہم بیانیے کی نہیں سیاست کی بات کریں گے، پیپلز پارٹی استعفوں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، زرداری صاحب ای سی ایل پر ہیں تو پاکستان میں ہی ہیں ملک سے باہر تو نہیں۔

 شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان کے ہرفرد کو گروی رکھوا دیا گیا ہے، حکومت خود تو کمزور ہے کچھ نہیں کرسکتی تاہم تمام نشتر عوام اور اپوزیشن کی طرف ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ہم سی ای سی کے اجلاس میں مشترکہ فیصلہ کریں گے، مولانا کی جماعت بھی این اے 249 کے انتخاب میں حصہ لے رہی ہے، مسلم لیگ (ن) استعفوں کی شروعات کرے ہم ہائبرڈ اور سلیکٹڈ سرکار کو پارلیمان میں توڑیں گے۔

پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیکریٹری اطلاعات شازیہ عطا مری نے کہا کہ کل مریم نواز کا لہجہ افسوس ناک تھا، پیپلز پارٹی کے لیے سلیکٹڈ لفظ غلط ہے، جمہوریت کے لیے جیلیں کاٹنے کے باوجود ہمارے لیے سلیکٹڈ کا لفظ استعمال کیا گیا، ہم نے کبھی ڈیل نہیں کی، کہنے کو ہمارے پاس بھی بہت کچھ ہے ہم سے معافیاں مانگنے کا نہ کہا جائے۔

Facebook Comments