بدہ 24 اپریل 2024

ایجنڈے پر اختلاف، کویتی اراکین پارلیمنٹ میں ہاتھا پائی

کویت سٹی (دھرتی نیوز انٹر نیشنل ڈیسک)کویتی اراکین پارلیمنٹ ایجنڈے میں اختلاف کے بعد دھڑوں میں تقسیم ہوکر آپس میں گتھم گتھا ہوگئے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز کویت کی پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والا اجلاس ہاتھا پائی و اختلافات کی نظر ہوگیا، کویتی پارلیمنٹ میں کابینہ کی حلف برداری کے بعد اجلاس کے ایجنڈے پر اراکین میں اختلاف ہوگیا۔

اختلاف کے باعث اراکین پارلیمنٹ دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے اور آپس میں تلخ کلامی شروع ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاتھا پائی میں دو رکن پارلیمنٹ سلمان الحلیلۃ اور صالح المطیری ملوث تھے، جن کی وجہ سے اسمبلی کا اجلاس 15 منٹ تک معطل کردیا گیا۔

امیر کویت شیخ نواف الاحمد نے اس سے قبل امید ظاہر کی تھی کہ پارلیمنٹ کا اجلاس کشیدگی سے بالا ہوکر حکومت اور قانون ساز اسمبلی کے درمیان مفید تعاون کی مثال پیش کرے گا۔

Facebook Comments