جمعرات 25 اپریل 2024

انسٹاگرام کی محبت، بھارتی لڑکی عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں پہنچ گئی

نئی دہلی(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے شہر میرٹھ کی رہائشی عائشہ محبت کی خاطر سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر اپنے محبوب کے گاؤں پہنچی اور عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر گاؤں کی زندگی بسر کرنے لگی، دونوں کی دوستی انسٹاگرام کے ذریعے ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کی رہائشی عائشہ اور بہار کے صدام کا رابطہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے ہوا، پہلے ان دونوں میں دوستی ہوئی اور پھر جلد ہی یہ دوستی محبت میں بدل گئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کرلیا۔

صرف 5 ماہ قبل محبت کے رشتے میں بندھنے والی عائشہ اپنے شہر میرٹھ سے تن تنہا دہلی اور پھر صدام کے گاؤں ارریہ پہنچ گئی۔

عائشہ کا تعلق ایک متمول گھرانے سے تھا تاہم محبت کی خاطر اس نے عیش و آرام کی زندگی چھوڑ کر صدام کے لیے گاؤں کی زندگی بسر کرنے کو ترجیح دی۔

اس واقعے کا علم جیسے ہی مقامی رکن اسمبلی وجے کمار منڈل کو ہوا، انہوں نے اس جوڑے کو اپنی رہائش گاہ پر بلا کر دونوں کی مرضی معلوم کی، پھر صدام کے اہل خانہ کی رضا مندی اور عائشہ کے بالغ ہونے کے مصدقہ کاغذات دیکھ کر اپنی رہائش گاہ پر ہی دونوں کا نکاح کروا دیا۔

عائشہ کے اہل خانہ اس شادی کے لیے راضی نہیں تھے لیکن عائشہ نے محبت کی خاطر سب کو چھوڑ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق جس ماحول میں عائشہ کی پرورش ہوئی ہے اس کے لیے ایک اجنبی مقام کی زبان اور تہذیب و ثقافت بالکل مختلف ہے لیکن اس نے اپنے شوہر صدام اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Facebook Comments