بدہ 24 اپریل 2024

جاوید اختر نے مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا

جاوید اختر نے مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا

ممبئی: معروف بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے اقدامات پر سخت تنقید کرتے ہوئے نریندر مودی کو فاشسٹ قرار دے دیا۔

الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جب جاوید اختر سے پوچھا گیا کہ کیا وہ بھارتی وزیر اعظم نریند رمودی کو فاشسٹ سمجھتے ہیں، تو انہوں نے بلاتوقف کہا، ’ یقیناً‘۔

جاوید اختر کا کہنا تھا کہ فاشسٹ لوگوں کے سر پر سینگ نہیں ہوتے، فاشسٹ سوچ ہوتی ہے۔ یہ سوچ کہ ہم دوسروں سے بہتر ہیں اور ساری مشکلات دوسری کی وجہ سے پیدا ہو رہی ہیں، ’جس لمحے آپ لوگوں سے نفرت کرنا شروع کرتے ہیں آپ فاشسٹ بن جاتے ہیں‘۔

پروگرام میں معروف ہدایت کار مہیش بھٹ بھی موجود تھے۔ میزبان نے ان سے اسلامو فوبیا کے بارے میں سوال کیا تو مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کو نائن الیون کے سانحے کے بعد تخلیق کیا گیا، ’یہ فوبیا (خوف) پیدا کردہ ہے کیونکہ میرا نہیں خیال کہ ایک عام بھارتی کسی مسلمان سے خوفزدہ ہے’۔

انہوں نے کہا یہ خوف تخلیق کر کے پیش کیے جانے میں بھارتی صحافی اور چینلز دن رات جتے ہیں۔

خیال رہے کہ مہیش بھٹ اور جاوید اختر ان باشعور بھارتی افراد میں شامل ہیں جو مودی کے ظالمانہ اور غیر انسانی اقدامات کی کھلے عام مخالفت کرتے رہے ہیں۔

اس سے قبل جاوید اختر نے بھارت میں ہونے والے احتجاج کے موقع پر کہا تھا کہ فیض کی نظم کو اینٹی ہندو کہنا انتہائی مضحکہ خیز ہے، فیض احمد فیض کی نظم آزادی اظہار پر پابندیوں کے خلاف ہے۔

Facebook Comments