جمعہ 19 اپریل 2024

وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے

وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے

لاہور: وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ شہریوں میں صحت انصاف کارڈتقسیم اور مہنگائی،امن وامان سےمتعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک روزہ دورےپرلاہورآئیں گے، دورے کے دوران عمران خان مہنگائی،امن وامان سےمتعلق اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزیر اعظم دوپہر بارہ بجے سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کریں گے ،گورنر چوہدری سرور اور وزیر اعلی عثمان بزدار ہمراہ ہوں گے ، جہاں عمران خان کو سیف سٹی اتھارٹی کی ورکنگ پر بریفننگ دی جائے گی، وزیر اعظم عمران خان سے ایوان وزیر اعلی میں وزیر اعلی ون آن ون ملاقات بھی کریں گے،

محکمہ صحت کی جانب سے انصاف کارڈ تقسیم کی تقریب منعقد ہو گی وزیراعظم شہریوں کو صحت انصاف کارڈ تقسیم کریں جبکہ گورنر ہاوس میں کامیاب نوجوان تقریب میں وزیر اعظم مہمان خصوصی ہوں گے ،

وزیر اعظم وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔

گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا جو کرپشن کرتے ہیں فوج کا ڈر انہیں ہوتا ہے، میں نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی پیسے بنا رہا ہوں، ملٹری ایجنسیز کو معلوم ہوتا ہے کون کیا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا بحران پر ابتدائی رپورٹ میں جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کا نام نہیں، ملک میں ہر جگہ کارٹیل ہے جو قیمتوں کو مرضی سے کنٹرول کرتا ہے، مسابقتی کمیشن اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا، بجلی کی قیمتیں مزید نہیں بڑھا سکتے، بجلی کی قیمتوں سے متعلق آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا حکومت اور فوج ایک صفحے پر ہیں، خفیہ اداروں کو نواز شریف اور زرداری کی کرپشن کا علم ہے، دونوں اسی لیے فوج کے خلاف سازشیں کرتے رہتے ہیں، میرا صرف اور صرف سیکیورٹی کا خرچہ ہے، دنیا میں سب سے کم تنخواہ لینے والا وزیر اعظم ہوں.

عمران خان نے کہا تھا بعض میڈیا حلقوں نے فیک نیوز چلائیں جن پر کروڑوں جرمانے ہو سکتے تھے۔ میڈیا نے غلط خبروں کے ذریعے میری ذاتی زندگی کو بھی نشانہ بنایا، میں میڈیا فرینڈلی ہوں، پرویز مشرف سے کہا تھا چینلز کو لائسنس دیں۔ چین اور سعودی عرب طرز پر میڈیا نہیں چلانا چاہتا۔

Facebook Comments