جمعہ 19 اپریل 2024

ٹک ٹاک نے والدین کی بڑی پریشانی دور کردی

ٹک ٹاک نے والدین کی بڑی پریشانی دور کردی

بیجنگ: سوشل میڈیا موبائل ایپلیکیشن ٹک ٹوک نے والدین کی بڑی پریشانی دور کرنے کے لیے اہم سہولت متعارف کرادی۔

کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک میں سیفٹی موڈ سہولت متعارف کرائی، جس کے تحت بچے کی آئی ڈی والدین کے اکاؤنٹ سے لنک ہوگی اور پھر وہ اکاؤنٹ پرنظر رکھ سکیں گے۔

سیفٹی موڈ فیچر فی الحال یورپ کے لیے متعارف کرایا گیا، یہ فیچر ’یوزر فیڈ‘ میں نظر آئے گا۔

ٹک ٹاک کے آفیسر کومیک کینن کا کہنا تھا کہ پلیٹ فارم پر موجود معروف شخصیات بھی اپنے اکاؤنٹس مانیٹرنگ کے لیے کسی دوسرے اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کرسکیں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ والدین کے تحفظات اور مطالبے کی روشنی میں ٹک ٹاک سیفٹی موڈ سہولت متعارف کرائی گئی، اب والدین باخبر رہیں گے کہ اُن کا بچہ ایپ استعمال کرتے ہوئے کیا کررہا ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے شیئر ہونے والے بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ ’صارفین کا ایپ استعمال کرنے کا مقصد تفریح ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر صارف کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے‘۔

بلاگ میں بتایا گیا ہے کہ فیملی سیفٹی موڈ والدین اور سربراہان کے لیے اچھا تجربہ رہے گا کیونکہ اب اُن کی بڑی پریشانی ختم ہوجائے گی۔ کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کی اہم وجہ نوجوان ہیں تاکہ وہ کوئی ایسی ویڈیوز نہ بنائیں جس سے اُن کے گھر والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

یاد رہے کہ حکومت نے گزشتہ برس ٹک ٹاک سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ مانیٹرنگ کے حوالے سے کوئی فیچر متعارف کرائے، اس ضمن میں ایک وائٹ پیپر بھی کمپنی کو جاری کیا گیا تھا۔

Facebook Comments