جمعہ 19 اپریل 2024

‌’جب دنیاکورونا سے نمٹ رہی تھی تو ہم کورونا اور کرینہ دونوں سے نمٹ رہے تھے‘

بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کا کہنا ہے کہ جب دنیاکورونا سے نمٹ رہی تھی تو ہم کورونا اور کرینہ دونوں سے نمٹ رہے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان جلد ہی اپنی نئی فلم لال سنگھ چڈھا میں اداکارہ کرینہ کپور کے ہمراہ جلوہ گر ہوں گے ۔

لال سنگھ چڈھا ہالی وڈ فلم فوریسٹ گمپ کا ری میک ہے جس میں ہالی وڈ اداکار ٹام ہینکس نے مرکزی کردار اداکیا تھا، ہالی وڈ فلم کے ہندی ری میک میں اداکار عامر خان کے ہمراہ بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور بھی موجودہیں۔

حال ہی میں عامر خان نے اپنی اہلیہ اور فلم میکر کرن راؤ کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں کورونا وائرس کے دوران فلم کی شوٹنگ کے حوالے سے گفتگو کی۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ فوریسٹ گمپ کی کہانی آسمان سے آتے ایک پر سے شروع ہوتی ہے جو کبھی ایک شخص کے بازو تو کبھی گاڑی سے ہوتا ادھر ادھر اڑتا دکھائی دیتا ہے۔

اداکار کے مطابق فلم کے ہدایتکار ادویت چندن اکثر ازراہ مذاق کہا کرتے تھے کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہماری زندگی بھی اس پر کی طرح تھی جسے مختلف ہوائیں اور مختلف سمتیں ادھر سے ادھر دھکیل رہی تھیں۔

فلم میں کرینہ کے ساتھ کام کرنے سے متعلق عامر خان کا کہنا تھا کہ جب دنیا کورونا سے نمٹ رہی تھی تو اس وقت ہم کورونا اور کرینہ دونوں سے نمٹ رہے تھے کیونکہ فلم کی ہیروئن کرینہ اس وقت حاملہ ہوگئی تھیں، یہ ایک ایسی مشکل صورتحال تھی جس نے ہمیں مختلف سمت دھکیل دیا تھا۔

بالی وڈ اداکار نے بتایا کہ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو فلم رواں برس کرسمس میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

Facebook Comments