منگل 23 اپریل 2024

ٹیم مینجمنٹ نے شاہین آفریدی کو بائولنگ مشین بنادیا،کارکردگی کا گراف دن بہ دن نیچے جانے لگا

لاہور (دھرتی نیوز ) ٹیم مینجمنٹ نے نوجوان فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کو بائولنگ مشین بنادیا جس کے باعث ان کی کارکردگی کا گراف دن بہ دن نیچے جارہا ہے۔ نوجوان پیسر اس وقت تینوں فارمیٹس میں ٹیم کا حصہ ہیں اور بغیر کسی وقفے کے مسلسل بائولنگ کررہے ہیں جس کے باعث وہ واضح طور پر تھکاوٹ کا شکار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ شاہین شاہ آفریدی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا پارہے ہیں۔

جنوبی افریقہ کیخلاف جاری ٹی ٹونٹی سیریز کے 3 میچز میں 21 سالہ نوجوان فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی اب تک 11 اوورز کرا چکے ہیں جس میں انہوں نے 114 رنز دئیے لیکن صرف 2 کھلاڑیوں کو پوویلین واپس بھیجنے میں کامیاب ہوسکے ۔ 2020ء سے لے کر اب تک شاہین آفریدی 14 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں جس میں سے 6 میچز میں وہ کوئی وکٹ نہیں حاصل کرپائے اور بقیہ 8 میچز میں انہوں نے 12 کھلاڑیوں کو آؤٹ تو کیا مگر کسی بھی میچ میں وہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ نہیں کرسکے، اس عرصے میں شاہین شاہ آفریدی نے 51 اوورز میں 432 رنز دیئے۔

کرکٹ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ کو فوری طور پر آرام کرایا جائے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں کہیں پاکستانی ٹاپ بالر ان فٹ نہ ہوجائیں۔

Facebook Comments