جمعرات 28 مارچ 2024

کورونا سے بچوں کو خطرہ نہ ہونے کا خیال غلط ثابت ہو گیا

اسلام آباد ( دھرتی نیوز) کورونا وائرس کے باعث بچوں کو خطرہ نہ ہونے کا خیال غلط ثابت ہو گیا۔ملک بھر میں ایک سے دس سال کے 44 بچے کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یہ خیال بالکل غلط ہے کہ کورونا سے بچوں کو کوئی خطرہ نہیں ،پاکستان میں کورونا کے باعث مزید 2 بچے انتقال کر چکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق مہلک وبا اب تک ایک سے دس سال کے 44 بچوں کی زندگیاں نگل چکی ہے۔

اسلام آباد میں 24گھنٹوں کے دوران گیارہ سے بیس سال کے 49 بچوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 7052 بچے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہو چکے ہیں۔چلڈرن ہسپتال لاہور میں کورونا سے متاثرہ 13 بچوں کی اموات ہوئیں۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق لاہور میں کورونا سے متاثرہ 18 بچے علاج کے لئے لائے گئے۔
گزشتہ سال مارچ میں 75 بچے کورونا سے متاثر ہوئے تھے لیکن جون تک کی تعداد تین ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

رواں برس مارچ میں کورونا سے متاثرہ بچوں کی تعداد 4830 ہو گئی۔جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس بچوں کو تیزی سے متاثر کر رہا ہے۔دوسری جانب کورونا کی تیسری لہر میں مسلسل اضافہ کا خطرہ ،ملک میں کورونا ٹیسٹنگ کی کپیسٹی مزید بڑھا دی گئی۔ ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کے لئے مزید 5 لیبز کا اضافہ کر دیا گیا۔ این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ لیب کی تعداد 175 ہوگئی، ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ کی یومیہ کپیسٹی 64 ہزار 871 ٹیسٹ ہو گئی۔این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 77، سندھ میں 29 کورونا ٹیسٹنگ لیبز کام کر رہی ہیں، کے پی کے میں 26، بلوچستان میں 9 اور اسلام آباد میں 25 لیبز ہیں، آزاد کشمیر میں 5 اور گلگت میں 4 لیبز کورونا ٹیسٹنگ کر رہی ہیں۔

Facebook Comments