بدہ 24 اپریل 2024

جرمنی میں حملہ آور کی مختلف شیشہ بارز پر فائرنگ

جرمنی میں حملہ آور کی مختلف شیشہ بارز پر فائرنگ

دو واقعات میں 9 افراد ہلاک ،مشتبہ حملہ آور کی لاش اس کے گھر سے برآمد کر لی گئی

جرمنی مہوش خان مغربی جرمنی کے شہر ہناؤ میں دو مختلف شیشہ بارز میں فائرنگ کے واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مشتبہ حملہ آور کی لاش اس کے گھر سے برآمد ہوگئی ہے۔جرمنی ۔مغربی جرمنی کی پولیس کے مطابق شہر ہناؤ میں بدھ کی رات شیشہ بارز میں فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے جس میں 9 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ حملہ آور بعد میں ایک اور نامعلوم شخص کے ساتھ اپنے گھر پر مردہ پایا گیا۔اس واقعہ میں مرنے والوں کی عمریں 20 سے 25 سال کے درمیان بتائی جارہی ہیں۔ جرمن میڈیا کے مطابق یہ واقعہ شہرکے دو مختلف مقامات پر مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً دس بجے پیش آیا۔ حملہ آور نے پہلے ہناؤ شہر میں ایک شیشہ بار پر مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شرو ع کردی جس میں کم از کم تین افراد ہلاک ہوگئے۔

حملہ آور وہاں سے فرار ہوکر شہر ہناؤ کے ڈسٹرکٹ کیزل اشٹڈ کے نواح میں پہنچا اور ایک دوسرے حقہ بار پر فائرنگ کردی، جہاں پانچ افراد مارے گئے۔ حکام نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا اور خصوصی فورسز نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی۔ پولیس نے بتایا کہ آج جمعرات کی صبح مشتبہ حملہ آور کی لاش اس کے گھر سے برآمد ہوئی۔ مقامی پولیس نے ٹوئیٹر پر بتایا ”مشتبہ حملہ آور ہناؤ میں اپنی رہائش گاہ پر مردہ پایا گیا۔پولیس کی اسپیشل فورسز کو وہاں ایک اورشخص کی لاش بھی ملی ہے۔ تفتیش جاری ہے۔ مزید حملے کاکوئی آثار نہیں ہے۔“ فائرنگ کے اس واقع کے اسباب کا اب تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ جرمن پارلیمان میں ہناؤ کے علاقے کی نمائندگی کرنے والی سی ڈی یو کی سینئر رہنما کاٹیا لائیکرٹ نے اس واقعہ پر متاثرین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ”ہناؤ کے اس بھیانک واقعہ کے متاثرین کے ساتھ میں دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔میں زخمیوں کی جلد ازجلد صحت یابی کی دعا کرتی ہوں۔ اس واقعہ نے ہم سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میں ایمرجنسی سروسز کا بھی شکریہ ادا کرتی ہوں۔“ ہناؤ کے میئر کلاوزکمنسکی نے جرمن اخبار بلڈ کے لائیوشو میں کہا ”یہ ایک بھیانک شام تھی۔ جو یقینی طور پر ہمیں بہت طویل عرصے تک پریشان کرے گی اور ہم انتہائی تکلیف کے ساتھ اسے یاد کریں گے۔” عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ انھوں نے کل چار لوگوں کو دیکھا جو کہ سب کے سب لمبے چوڑے اور سفید تھے۔ہناؤ کی آبادی تقریباً ایک لاکھ افراد پر مشتمل ہے۔ یہ ریاست ہیسے میں جرمنی کے اقتصادی مرکزی شہر فرینکفرٹ سے تقریباً بیس کلومیٹر دور مشرق میں واقع ہے۔ ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ واقعہ نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرائس چرچ کی طرح کا بھی ہو سکتا ہے کیونکہ ابھی حال ہی میں ایسے شدت پسندوں کے خلاف بھی بڑی کاروائی کی گئی ہے۔

Facebook Comments