جمعہ 19 اپریل 2024

جنگ عظیم دوئم کے بعد تاریخ میں پہلی بار کولون، جرمنی میں کرفیو نافذ

کولون، جرمنی (دھرتی نیوز) جرمنی کے شہر کولون میں کرونا کے مسلسل بڑھتے کیسز کے باعث رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ کولون کی مئیر ہینریئٹے ریکر نے بتایا ہے کہ ہفتے سے روزانہ رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک کولون میں کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران ہر طرح کی تقریبات اور شہریوں کی آمدورفت پر پابندی عائد ہو گی۔

دو ہزار سالہ قدیم تاریخ رکھنے والے مغربی جرمنی کے ثقافتی شہر کولون میں دوسری جنگِ عظیم کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ جبکہ مئیر ریکر کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کولون میں کرونا کیسز کی شرح گذشتہ ایک ہفتے میں 162.7 افراد فی لاکھ ہے۔ جس کا مطلب یہ کہ ایک ہفتے کے دوران ایک لاکھ آبادی میں سے 162 سے زائد افراد کرونا کا شکار ہوئے۔ جبکہ جرمن ریاستوں کی جانب سے یہ شرح بہرصورت سو سے کم رکھنے کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کولون انتظامیہ کو مجبوراً رات کے اوقات میں کرفیو نافذ کرنا پڑا ہے۔

کرفیو کے دوران کولون کے شہریوں کو رات 9 سے صبح 5 کے دوران گھر سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شہری انتہائی مجبوری کی صورت میں ٹھوس وجہ بتا کر کہیں جا سکیں گے۔ ان وجوہات میں بیمار افراد کی دیکھ بھال، ایمرجنسی صورتحال یا پھر ڈاکٹر سے ملاقات شامل ہیں۔ جبکہ جاری کردہ مراسلے کے مطابق مستقبل میں عوامی مقامات پر الکوحل کے استعمال وغیرہ پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ خلاف وزری کی صورت میں 250 یوروز جرمانہ بھگتنا ہو گا۔

Facebook Comments