بدہ 24 اپریل 2024

بالی ووڈ اداکار کشور نندلاشکر کورونا وائرس سے جاں بحق

ممبئی ( دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک ) سنگم ، واستو ، سمبا جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے بالی ووڈ اداکار کشور نندلاشکر کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے ۔

 پنک ولا کے مطابق کورونا وائرس نے ہر خاص و عام کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے ، بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز میں شوبز انڈسٹری کے لوگ بھی شامل ہیں ۔ کورونا وائرس نے شوبز انڈسٹری کو ایک اور باصلاحیت اداکار سے محروم کر دیا۔ مراٹھی سینما کے معروف اداکار کشور نندلاشکر کورونا کی بھینٹ چڑھ گئے ، ان کی عمر 81برس تھی ۔

 میڈیا رپورٹس کے مطابق کشور نندلاشکر میں کورونا وائرس کی تصدیق گزشتہ ہفتے ہوئی تھی ، کشور کے پوتے انیش نے کہا کہ باصلاحیت اداکار کو سانس لینے میں دشواری کے باعث 14اپریل کو ہسپتال داخل کروایا گیا جہاں ان میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ،کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد انہوں نے گزشتہ روز 20 اپریل کو دوپہر ساڑھے بارہ سے ایک کے درمیان دم توڑ دیا۔

کووڈ سینٹر میں داخلے سے قبل انہیں سانس لینے اور گفتگو کرنے میں بہت زیادہ دقت ہو رہی تھی ، ان میں آکیسجن کی کمی خطرناک حد تک پہنچ گئی تھی ۔

اس سے قبل بالی ووڈ اداکار سونو سود، اکشے کمار ، ارجن رام پال ، وکی کوشال ، کترینہ کیف ، عالیہ بھٹ اور دیگر کے بھی کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ، مگر یہ مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہے ۔

Facebook Comments