جمعرات 25 اپریل 2024

ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد نے جلد بازی میں شادی کیوں کی تھی؟

ماضی کی مقبول ترین ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے 2010 میں اچانک شادی کرلی تھی اور اب شادی کے اتنے عرصے بعد اداکارہ نے جلد بازی میں شادی کے حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

ماڈل ونیزہ احمد حال ہی میں نجی ٹی وی شو میں جلوہ گر ہوئیں اور دوران شو اپنی شادی سے متعلق انکشافات کیے۔

ونیزہ احمد نے بتایا کہ مجھے شادی سے ہمیشہ سے ہی ڈر لگتا تھا کیوں کہ شادی ٓآسان کام نہیں ہے لیکن والد کی وفات کے بعد سے ہی والدہ کی خواہش تھی کہ میری شادی کردی جائے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں اپنے شوہر کو آج سے 25 سال پہلے سے جانتی ہوں، میری ان سے پہلی ملاقات دوست کے ذریعے اسلام آباد میں ہوئی تھی اور ہم ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے لیکن پھر کچھ مسائل کے باعث وہ امریکا چلے گئے اور میں اپنےکیرئیر میں مشغول ہوگئی۔

ونیزہ احمد کا کہنا تھا کہ پھر 22 سال بعد مجھے علی فیس بک پر ملے اور میں نے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ وہ اس وقت پاکستان میں ہیں، بعد ازاں انہوں نے مجھے گھر آکر پروپوز کیا، اس کے بعد میں نے استخارہ کیا جو بہت اچھا آیا اور پھر ہم نے کچھ ہی دن بعد شادی کرلی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں ہمیشہ سے ایک عام شادی کی خواہشمند تھی اور یہی وجہ تھی کہ شادی میں صرف قریبی دوستوں کو مدعو کیا۔

خیال رہے کہ ونیزہ احمد نے 2010میں بزنس مین علی افضل ملک سے شادی کرلی تھی۔

Facebook Comments