منگل 16 اپریل 2024

کرونا کی بدترین صورت حال، متحدہ عرب امارات نے بھارت پر پابندی عائد کردی

دبئی(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے حکام نے بھارت میں کرونا کی بگڑتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر فضائی سفری پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے حکام نے 24 اپریل کی رات 12 بجے سے بھارت سے آنے والی تمام پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

متحدہ عرب امارات کے ادارہ برائے (نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) اور جنرل اتھارٹی نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فیصلے پر عمل درآمد کی ہدایت کردی ہے۔

سول ایوی ایشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ بھارت سے آنے والی تمام پروازوں اور مسافروں کی آمد پر پابندی ہوگی، لہذا کسی طیارے یا مسافر کو ہوائی اڈے پر اترنے کی اجازت نہ دی جائے۔


رپورٹ کے مطابق دبئی نے تمام ملکی و غیر ملکی پروازوں پر پابندی عائد کردی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری، سفرا، کاروباری شخصیات اور گولڈن ویزہ رکھنے والے شہریوں کو 24 اپریل تک مشروط داخلے کی اجازت ہوگی۔

مذکورہ مسافروں کو ایئرپورٹ پر پرواز سے چند گھنٹے پہلے کا پی سی آر سرٹیفیکٹ اور دس روز قرنطینہ کرنا ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق مسافروں کو یو اے آنے کے لیے چار روز قبل کرونا ٹیسٹ اور قرنطینہ کے 8 روز بعد بھی ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

Facebook Comments