ھفتہ 20 اپریل 2024

دل دہلا دینے والا واقعہ، 75 فٹ‌ لمبا سوئمنگ پول اچانک زمیں بوس، ویڈیو سامنے آگئی

برازیلا(دھرتی نیوز )برازیل کے جنوب مشرقی علاقے میں گزشتہ ہفتے ایک ایسا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو دیکھ کر لوگ دم بخود رہ گئے، خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برازیل کے جنوب مشرقی علاقے ویلا ویلہا سانتو میں واقع رہائشی فلیٹ بیچ فرنٹ کنڈومینیم میں سوئمنگ پول کی چھت گاڑی کے پارکنگ ایریا میں اچانک گر گئی۔

دل دہلا دینے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 75 فٹ لمبا سوئمنگ کی چھت اچانک منہدم ہوئی جس کے بعد پارکنگ ایریا میں پانی بھر گیا۔

چھت گرنے سے کچھ گاڑیوں کو نقصان بھی پہنچا جبکہ پانی بھر جانے سے جہاں گاڑیاں خود بہ خود دھل گئیں وہیں اُن کی وائرنگ اور دیگر سسٹم بھی متاثر ہوا۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ واقعے کے وقت پارکنگ میں کوئی بھی شخص موجود نہیں تھا۔

مقامی حکام نے بتایا کہ ’پارکنگ ایریا کے اوپر سوئمنگ پول قائم تھا، چھت گرنے کے بعد ایسا محسوس ہوا جیسے سیلاب آگیا ہو‘۔

واقعے کے بعد پارکنگ ایریا میں کئی فٹ پانی بھی بھر گیا تھا، جس کی نکاسی کردی گئی جبکہ انتظامیہ نے ملبے کو بھی اٹھا کر جگہ کو صاف کردیا۔

رپورٹ کے مطابق اس عمارت میں 270 گھر آباد ہیں، واقعے کے بعد عمارت کو خالی کرالیا گیا ہے۔

Facebook Comments