جمعہ 29 مارچ 2024

پاکستان رائٹر کلب کے صدر عبدالروف مغل حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے

ریاض (دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں پاکستان رائٹر کلب کے صدر عبدالروف مغل حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے انتقال کر گئے.

 انجینئر عبدالروف مغل دو روز قبل ہی پاکستان سے سعودی عرب پہنچے تھے ان کی وفات پر اہل ریاض نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے.

تفصیلات کے مطابق عبدالرؤف مغل فلائٹس کی بندش کی وجہ سے گزشتہ کئی ماہ سے پاکستان میں موجود تھے انہوں نے سعودی عرب واپسی کے لئے براستہ بحرین سعودی عرب واپس آنے کا فیصلہ کیا اور پندرہ روز بحرین گزارنے کے بعد دارالحکومت ریاض پہنچے جہاں اگلے روز افطار کے بعد حرکت قلب بند ہونے سے خالق حقیقی سے جاملے.

 عبدالرؤف مغل کی ناگہانی وفات پر ریاض میں پاکستان رائٹر کلب کے عہدیداروں سمیت سیاسی سماجی ادبی اور مذہبی جماعتوں کے علاوہ پاک میڈیا فورم کے ارکان کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے اور انکی مغفرت کے لئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے.

عبدالروف مغل انتہائی ملنسار اور شفیق انسان تھے انہوں نے ہمیشہ اچھے اخلاق کا مظاہرہ کیا اور کمیونٹی کے اندر اپنا بہتر مقام بنایا انہوں نے جس طرح پاکستان رائٹر کلب کو عروج دیا اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا.

Facebook Comments