جمعہ 29 مارچ 2024

سعودی عرب: مسافروں کو اچھی خبر سنا دی گئی

ریاض(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی ایئرلائن(السعودیہ) نے کہا ہے کہ گزشتہ سال(2020) فروری سے آج تک ایک کروڑ مسافروں نے سفر کیا اور تمام افراد کورونا سے محفوظ رہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی عریبین ایئرلائن نے مثبت اعدادوشمار جاری کیے ہیں کہ فروری 2020 سے اب تک ہماری ایئرلائن کی ایک لاکھ پروازوں کے ذریعے 1 کروڑ مسافروں نے محفوظ سفر کیا، بہترین اور معیاری انتظامات کے باعث کوئی بھی مسافر کورونا کا شکار نہیں ہوا ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ السعودیہ دنیا بھر کی 10 بہترین اور محفوظ ترین فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے۔ صحت وسلامتی کے اعتبار سے بھی اعلیٰ درجوں کی مستحق ہے۔

اپنے حالیہ بیان میں سعودی ایئرلائن کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے لیے بھی تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، کورونا سے بچاؤ کیلئے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے 2 مئی کو اعلان کیا کہ مقامی شہریوں پر عائد بیرون ملک سفر کی پابندی 17 مئی سے ختم کردی جائے گی لیکن اس دوران غیرملکیوں پر عائد سفری پابندی کے خاتمے اور مملکت آمد سے متعلق کوئی بات نہیں کی گئی۔

سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کیے گئے اعلان میں غیرملکیوں کے سعودی عرب آنے پر سفری پابندی کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کہا گیا جس کے بعد یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ سفری پابندیاں ختم کرکے غیرملکیوں کو بھی 17 مئی کے بعد سے مملکت آنے دیا جائے گا یا نہیں، یہ حالات پر منحصر ہے۔

Facebook Comments