منگل 23 اپریل 2024

کرونا وبا: بھارت میں ڈھائی کروڑ لوگ غربت کا شکار ہو گئے

نئی دہلی(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)کرونا وبا بھارت میں نہ صرف کیسز اور ہلاکتوں کے سلسلے میں ہلاکت خیز ثابت ہوئی ہے، بلکہ بھارت میں اس کی وجہ سے 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد غربت کا شکار بھی ہو گئے ہیں، رپورٹ میں غریب سے مراد وہ افراد لیے گئے ہیں جو یومیہ 375 روپے یا 5 ڈالر سے کم کماتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرونا کی عالمگیر وبا نے بھارت میں دو کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد کو غربت میں دھکیل دیا ہے، وبا کی دوسری لہر سے حالات مزید شدت اختیار کر چکے ہیں۔

بنگلور کی عظیم پریم جی یونی ورسٹی کی بدھ کو شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں گزشتہ سال مارچ سے شروع ہونے والے سخت لاک ڈاؤن کے باعث ایک کروڑ افراد کا روزگار چھوٹ گیا، اور ان میں سے 15 فی صد افراد کو سال کے آخر تک بھی روزگار نہ مل سکا، جب کہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی 47 فی صد خواتین کو واپس روزگار نہ مل سکا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وبا کے بعد سے ہر شعبے میں لوگوں کی آمدنی کم ہوئی، لیکن غریب گھرانے زیادہ متاثر ہوئے، اکثر خاندانوں نے تنخواہ میں کمی کے بعد خوراک پر کم خرچ کرنا شروع کیا، سروے میں 20 فی صد افراد نے بتایا کہ 6 ماہ بعد بھی ان خاندانوں کی خوراک بہتر نہیں ہو سکی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال لاک ڈاؤن میں روزگار ختم ہونے سے نوجوان طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، 25 سال سے کم عمر کے افراد میں 3 میں سے ہر ایک شخص کو سال کے آخر تک دوبارہ روزگار نہ مل سکا۔

رپورٹ کے مصنف امت باسولے کا کہنا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے بعد حالات مزید بگڑیں گے، ایشیا کی تیسری بڑی معیشت کرونا سے پہلے بھی سست روی کا شکار تھی لیکن وبا نے کئی سالوں کی کامیابیوں کو متاثر کر دیا ہے۔

Facebook Comments