جمعرات 18 اپریل 2024

فحش تصویریں بھیجنے والے کو تنبیہ کرنے والی خاتون گرفتار

فحش تصویریں بھیجنے والے کو تنبیہ کرنے والی خاتون گرفتار

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست ابوظہبی کی پولیس نے ایک مرد کی شکایت پر تنبیہہ والی سخت الفاظ پر مشتمل ای میل کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔

ابو ظہبی کی پولیس نے خاتون کو سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی اور اگر اس پر جرم ثابت ہوگیا تو اسے جیل سمیت جرمانے کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔

حیران کن بات یہ ہے کہ جس خاتون کو پولیس نے گرفتار کیا، اس نے اپنے تحفظ کی خاطر مرد کو سخت الفاظ پر مشتمل ای میل کی تھی تاہم انہیں مرد کو دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کی امریکی ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں ابوظہبی میں تعینات امریکی سفارت خانے کے عہدیدار اور دبئی کی ایک سماجی تنظیم ’ڈیٹینڈ ان دبئی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے 57 سالہ امریکی خاتون ملیسا مک برنی کو سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔

رپورٹ میں بتایا کہ گیا کہ خاتون نے اپنے پرانے 58 سالہ ساتھی مرد کو فحش تصویریں بھیجنے پر تنبیہہ والی ای میل کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون کے ماضی میں 58 سالہ مصری مرد سے تعلقات رہے تھے اور دونوں کے درمیان کافی عرصے تک خوشگوار تعلقات رہے تاہم کچھ عرصہ قبل دونوں میں علیحدگی ہوگئی تو مرد نے اپنی پرانی ساتھی خاتون کو فحش تصویریں بھیجنا شروع کیں۔

خاتون نے دعویٰ کیا کہ ان کے سابق مرد ساتھی نے ان کی نازیبا تصاویر اپنے دوستوں کے ساتھ بھی شیئر کیں اور وہ انہیں مسلسل نامناسب تصویریں اور ان کی اپنی فحش تصویریں بھی بھیجتے رہے اور وہ ان سے ایسا نہ کرنے کا کہتی رہیں۔

ملیسا مک برنی ماضی میں ہولی وڈ اداکار کی اسسٹنٹ بھی رہ چکی ہیں—فوٹو: دی سن
ملیسا مک برنی ماضی میں ہولی وڈ اداکار کی اسسٹنٹ بھی رہ چکی ہیں—فوٹو: دی سن

تاہم جب مرد فحش تصویریں بھیجنے سے بعض نہیں آیا تو خاتون نے انہیں سخت الفاظ پر مشتمل تنبیہہ کی جس کے بعد مرد نے ان کی ای میل کی شکایت پولیس کو کی اور پولیس نے خاتون کو سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔

سماجی تنظیم ڈیٹینڈ ان دبئی کے مطابق خاتون اگرچہ یو اے ای آتی رہتی ہیں تاہم اس بار گرفتاری کے وقت وہ سیاحتی ویزے پر تھیں اور حیران کن طور پر انہیں فحش تصویریں بھیجنے والے مرد کے بجائے انہیں ہی سائبر کرائم ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا۔

ابوظہبی کی پولیس نے خاتون کو گرفتاری اور ابتدائی تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کردیا، تاہم اگر ان پر سائبر کرائم ایکٹ کا جرم ثابت ہوا تو انہیں 2 سال قید سمیت ہزاروں درہم جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

دی سن نے بتایا کہ جس خاتون کو فحش تصویریں بھیجنے والے شخص کو دھمکی دینے پر گرفتار کیا گیا وہ ماضی میں ہولی وڈ اداکار روب لوو کی پرسنل سیکریٹری بھی رہ چکی ہیں جب کہ وہ تبتی مذہبی رہنما دلائی لامہ سمیت اہم شخصیات سے ملاقات بھی کر چکی ہیں۔

جو شخص خاتون کو تصویریں بھیجتا رہا، ان سے ماضی میں ان کے تعلقات تھے—فوٹو: ڈیلی میل
جو شخص خاتون کو تصویریں بھیجتا رہا، ان سے ماضی میں ان کے تعلقات تھے—فوٹو: ڈیلی میل

Facebook Comments