جمعہ 29 مارچ 2024

عید کا اعلان: ’ٹرکوں کے پیچھے ایوب خان کی جگہ اب کیا مفتی منیب کی تصویر۔۔۔‘

ویسے تو پاکستان میں آج عید منائی جا رہی ہے، سویاں کھائی جا رہی ہیں، ایک دوسرے کو مبارک بادیں دی جا رہی ہیں، لیکن اب بھی کچھ لوگ اس چاند کا پیچھا نہیں چھوڑ رہے جو رات گئے کچھ لوگوں کو نظر آ گیا تھا اور اس کے بعد جو اعلان ہوا، اس نے کچھ ہلچل پیدا کی۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کے قمری کیلنڈر کا فیل ہونا ہو یا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے رات گئے عید کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی یاد، صارفین اپنے طنز و مزاح اور دلچسپ تبصروں سے اس سال عید کو یاد گار بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں عوام اس غیر معمولی چاند نظر آنے کے اعلان اورعید پر تبصرے کرتے نظر آ رہے ہیں وہیں ملک کی اہم شخصیات بھی اپنے خیالات کا اظہار کر رہی ہیں۔

 اسی حوالے سے وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ’ایک زمانے میں ایوب خان کی تصویریں ٹرکوں کے پیچھے لگی ہوئی ہوتی تھیں اور لکھا ہوتا تھا ۔۔۔ تیری یاد آئی تیرے جانے کے بعد ۔۔۔ کل کے بعد اب کہیں یہ بات مفتی منیب کی تصویر کے ساتھ نہ نظر آنا شروع ہو جائے۔‘
وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کی تو جواب میں صارفین کے دلچسپ تبصرے نظر آئے۔ کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ رات کے گیارہ بجے عید کا اعلان کرنا حکومت کی حکمت عملی بھی ہو سکتی ہے۔

اس حوالے سے صارف باسط احمد لکھتے ہیں کہ ’یہ حکومت کی حکمت عملی بھی ہو سکتی تھی، فواد چوہدری سے 14 مئی کا لکھوا کر رات گیارہ بجے 13 کو اعلان کروا دیا مطلب آج اگر عید نہ ہوتی تو بازاروں میں لوگوں کا رش دیکھنے والا ہوتا۔‘
گفتگو آگے بڑھی تو بعض صارفین وفاقی وزیر سے زبردستی عید کروائے جانے کا شکوہ بھی کرتے دکھائی دیے۔

جہاں صارفین وفاقی وزیر اسد عمر کے تبصروں پر طنز و مزاح کرتے نظر آئے وہیں کچھ صارفین اسد عمر کو تنقید کا نشانہ بھی بناتے رہے۔
ایسے ہی ایک صارف شبیر یوسفزئی لکھتے ہیں ’ایک وفاقی وزیر کا بیان قوم کو کیا بتانے کی کوشش کر رہا ہے کہ ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں، یا یہ آنکھیں بند کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ افسوس۔‘

رات گئے اچانک عید کے اعلان کے بعد صارفین نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے دور میں بنائی گئی رویت ایپ کی تصویریں شیئر کیں، جہاں قمری کیلنڈر میں تبدیلی کی گئی۔
ضیا نامی صارف نے رویت ایپ کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے خواہ مخواہ سارا کریڈٹ مفتی منیب الرحمان کو دے دیا۔ اس اچانک عید میں اصل کمال تو فواد چوہدری کا ہے، راتوں رات رویت ایپ میں اچانک تبدیلی آ چکی ہے۔‘

صارفین کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کو آزاد حیثیت میں عید کا اعلان کرنا چاہیے، کسی بھی قسم کے دباؤ میں آ کرمذہبی تہواروں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔

Facebook Comments