جمعرات 18 اپریل 2024

پی ایس ایل: پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 171 رنز کا ہدف

پی ایس ایل: پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 171 رنز کا ہدف

راولپنڈی: پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف دے دیا جو کوئٹہ کو 15 اوورز میں بنانے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کا 18 ہواں میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ 15،15اوورز پر مشتمل ہے اور پانچ پانچ اوورز کا پاور پلے ہوگا۔

پشاور کی اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور نے شعیب ملک کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 15 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا تاہم 9 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد کامران اکمل 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ تیسری وکٹ پر حیدر علی اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔
حیدر علی 39 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لیونگ اسٹون 12 اور شعیب ملک 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 جبکہ بین کٹنگ اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور کی قیادت وہاب ریاض کے سپرد

پشاور زلمی کی انتظامیہ نے ڈیرن سیمی کو ٹیم کا باضابطہ ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے اور وہاب ریاض کو قیادت سونپ دی ہے۔