جمعہ 19 اپریل 2024

سلطانز اور یونائیٹڈ کے میچ کا ٹاس گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر کا شکار

سلطانز اور یونائیٹڈ کے میچ کا ٹاس گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب تاخیر کا شکار

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور گیلی آؤٹ فیلڈ کے سبب میچ کا ٹاس تاخیر کا شکار ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آج پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز کی ٹیم کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے شیڈول ہے۔

راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے میدان اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہے اور امپائر دو بجے میدان کا معائنہ کریں گے جس کے بعد میچ شروع کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سال اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم 6میچوں میں 4 فتوحات کی بدولت 9پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 میں سے 3میچ جیتے ہیں۔

اگر اسلام آباد یونائیٹڈ کو آج کے میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑتا ہے تو ان کی پلے آف تک رسائی کے امکانات کو بڑا دھچکا لگ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بارش کے سبب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 7رنز سے شکست ہوئی۔

آج دن کے دوسرے میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میزبان لاہور قلندرز کا مقابلہ کراچی کنگز سے ہو گا۔

Facebook Comments