ھفتہ 20 اپریل 2024

ہالی ووڈ کہانی نویس کی جانب سے طلبہ کے لئے ورکشاپ کا انعقاد، معروف ہالی ووڈ سکرین رائٹر ارونگ بیلا ٹیش کو مدعو کیا گیا

لاہور (دھرتی نیوز) امریکی قونصلیٹ جنرل لاہور نے طلبہ کے لیے آ ن لائن سکرین رائٹنگ ورکشاپ کے انعقاد کے لئے معروف ہالی ووڈ سکرین رائٹر ارونگ بیلا ٹیش کو مدعو کیا۔ ہالی ووڈ کے بیسٹ سیلنگ کہانی نویس، سکرین رائٹر اور فلمی آرٹس کے پروفیسرارونگ بیلاٹیش نے لاہور کے فلم سکولز کے اساتذہ اور طلباء کے لئے اس ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ کے لئے یہ اشتراک امریکی فلم شوکیس کے ذریعے کیا گیا۔فلمی سفارتکاری کا یہ پروگرام امریکی فلم سازوں کو چالیس سے زائد ممالک کےفلمسازوں سے متعارف کرا چکا ہے۔

 نیشنل کالج آف آرٹس، پنجاب یونیورسٹی، ایف سی کالج، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے منتخب اساتذہ اور طلباء نے اس پانچ روزہ آن لائن ورکشاپ میں شرکت کی۔ یہ ورکشاپ امریکی مشن برائے پاکستان کی پاکستانی فلمی صنعت کی صلاحیت میں اضافے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

 ورکشاپ کے حوالے سے قونصل جنرل کیتھرین راڈریگز کا کہنا تھا کہ ثقافتی مرکز کے طور پر لاہور تخلیقی صلاحیت کا ایسا منبع ہے جہاں فلمساز ادارے فلم کی ترویج کر رہے ہیں اور یونیورسٹیوں میں نئی نسل کے فنکاروں کو فلم سازی کی تعلیم دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم مثال فلم شو کیس پروگرام کا حصہ بنے اور مقامی یونیورسٹی طلبہ کے تخیل کو جلا بخشی۔ یہ ورکشاپ اسلام آباد اور کراچی سے پہلے اس سلسلے کی پہلی ورکشاپ تھی۔ اے ایف ایس امریکی محکمہ خارجہ اورسکول آف سینماٹک آرٹس یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے درمیان شراکت داری ہے۔

 امریکی فلم شو کیس امریکی سفارت خانوں کے ساتھ کام کر کے امریکی فلم سازوں اور ماہرین کو دنیا بھر میں ورکشاپس، پریس کانفرنسوں اور فلم سکریننگ کے لئے بھجواتا ہے۔ اے ایف ایس کا یہ پروگرام مقامی کمیونٹیز کے درمیان گفتگوکو فروغ دیتا ہے اور ان کو اپنی کہانی بیان کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔

پروفیسرارونگ بیلاٹیش ایوارڈ یافتہ مصنف ہیں اور یوایس سی سکول آف سینما ٹک آ رٹس کے پروفیسر ہیں۔ انہوں نے پیراماؤنٹ پکچرز، کولمبیا پکچرز، وارنربرادرز اور دوسرے سٹوڈیوز کے لئے اسکرین پلیز لکھے ہیں۔ وہ بیسٹ سیلنگ ناولوں آئنسٹائن سیکریٹریٹ اوراوریجن آف ڈریکولا کے مصنف ہیں۔ انہوں نے فلمسازی سے منسلک طلبہ اور افراد کو امریکہ، چین، ملیشیا اور شمالی افریقہ میں تعلیم دی ہے۔

Facebook Comments