جمعہ 13 دسمبر 2024

فیس بُک نے پاکستان میں درجنوں پیجز، اکاؤنٹس مشکوک قرار دے کر بند کر دیے

سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم فیس بک نے پاکستان سے چلائے جانے والے 90 سے زائد پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس کو مشکوک قرار دے کر بند کر دیا ہے۔
مئی 2021 میں ’منظم جعلی رویے‘ کی پاداش میں بند کیے گئے نیٹ ورکس کی رپورٹ میں فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ روس اور سوڈان کے ساتھ ساتھ پاکستان سے تعلق رکھنے والے اکاؤنٹس وغیرہ کو بھی بند کیا گیا ہے۔
فیس بک کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ’پاکستان سے 40 اکاؤنٹس، 25 پیجز، چھ گروپس اور 28 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو مشکوک ہونے کی بنا پر بند کیا گیا ہے۔ ٹویٹس کو ایڈٹ کرنے کے لیے ’ٹوئٹر بلیو‘ سروس متعارف

سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم کے مطابق بند کیے گئے اکاؤنٹس کا تعلق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی ایک پبلک ریلیشننگ فرم سے وابستہ افراد سے ہے۔ اس سے قبل اپریل 2019 میں بھی اس نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے متعدد اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس بند کیے جا چکے ہیں۔
دو برس قبل اپریل میں مشکوک نیٹ ورکس کے خلاف کی گئی کارروائی میں فیس بک نے 103 پیجز، گروپس اور اکاؤنٹس ریموو کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ادارے کی پالیسی کے برخلاف ’منظم جعلی رویے‘ کا مظاہرہ کر رہے تھے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا ان اکاؤنٹس کو چلانے والے افراد نے اپنی شناخت چھپانے کی کوشش کی لیکن فیس بک نے ان کے تعلق سے متعلق نشاندہی کرتے ہوئے بتایا تھا کہ مذکورہ افراد کس قسم کے پیجز اور گروپ چلا کر کن موضوعات پر بات کیا کرتے تھے۔

سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم نے اپنی رپورٹ میں وضاحت کی ہے کہ ریموو کیے گئے ڈیجیٹل اثاثوں سے متعلق معلومات قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ ساتھ، پالیسی سازوں، محقیقین اور شراکت داروں کے ساتھ بھی شیئر کی گئی ہیں۔
مئی 2021 میں فیس بک سے ریموو کیے گئے نیٹ ورکس سے متعلق رپورٹ میں فیس بک کا کہنا ہے کہ سوڈان اور روس سے جن اکاؤنٹس، گروپوں اور پیجز کے خلاف کارروائی کی گئی یہ روسی نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔ فیس بک کے مطابق اکتوبر 2019 میں بھی اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی گئی تھی جس میں فعال افراد کا تعلق روسی انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی سے ہے۔
روس اور سوڈان سے متعلق جن 162 اکاؤنٹس، گروپوں اور پیجز و انسٹاگرام اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے وہ ان سوڈانی شہریوں سے متعلق قرار دیے گئے ہیں جو روس میں موجود افراد کے لیے انہیں چلا رہے تھے۔ اس نیٹ ورک کی سرگرمی کا مقصد سوڈان ہی بتایا گیا ہے۔

’منظم جعلی رویہ‘ کیا ہے؟
فیس بک ’منظم جعلی رویہ‘ کہہ کر جن ڈیجیٹل اثاثوں کے خلاف کارروائی کرتا ہے، انہیں مربوط کوششوں کے ذریعے عوامی رائے پر اثرانداز ہونے میں ملوث قرار دیتا ہے۔
فیس بک کے مطابق ’جعلی منظم رویہ‘ ایسی منظم کوششیں جو اہم اہداف کے لیے عوامی رائے کو جعلی اکاؤنٹس سے کی گئی سرگرمی کے ذریعے متاثر کرتا ہے۔
اپنے پلیٹ فارم سے فیس بک جن ’منظم جعلی رویہ‘ رکھنے والے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کا اعلان کرتا ہے وہ جہاں مختلف ملکوں میں غیرسرکاری سطحوں پر مہم چلا رہے ہوتے ہیں وہیں غیر ملکی اداروں یا حکومتوں کی ایما پر کسی خاص شعبہ ہائے زندگی کو ہدف بناتے ہیں۔

Facebook Comments