ھفتہ 20 اپریل 2024

ابو شادی میں نہیں آئے تو میں شادی سے اٹھ کر شوہر کے ساتھ ہسپتال آگئی ۔۔ جانیئے ایسی بیٹی کی کہانی جس کو باپ کی محبت ہسپتال کھینچ لائی پھر کیا ہوا؟

والدین کے لئے بیٹی کی شادی ایک ایسا لمحہ ہوتا ہے جس کا انتظار شاید وہ ان کی پیدائش کے فوراً بعد سے ہی کرنے لگتے ہیں، کیونکہ بیٹی پرائی امانت ہے۔ یہ بات سب والدین کے دل میں ہر رات اور ہر دن چلتی رہتی ہے، جس کے لئے وہ خوش بھی ہوتے ہیں اور آنکھوں میں آنسو لیئے بیٹی کے آنے والے مستقبل کی فکر بھی کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ جس دن ایک باپ اپنی بیٹی کو بیاہتا ہے، اس دن سے لے کر آخری سانس تک ان کے لبوں پر بیٹی کی خوشیوں کی دعائیں ہوتی ہیں۔

جب کوئی باپ اپنی بیٹی کو دلہن بنا دیکھتا ہے اس کی آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں جن میں بیٹی کے لئے محبت جھلکتی دکھائی دیتی ہے۔ بعض اوقات ایسے نامناسب حالات و واقعات ہو جاتے ہیں کہ باپ اپنی بیٹیوں کی شادی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھ پاتے یا ان کو وداع خود نہیں کر پاتے، اس باپ کے دل کی دھڑکن اور احساس کا اندازہ کسی کو نہیں ہوسکتا اور پھر اس بیٹی کی دلی کیفیت اس کے آنسو اور چہرے کی ہنسی میں صاف دکھائی دیتے ہیں۔

ایسی ہی ایک بیٹی کی شادی کا حال کل سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے کہ باپ شدید علیل ہے اور وہ بیٹی کی شادی پر نہ جاسکا، لیکن بیٹی دلہن بنے اس عروسی جوڑے میں اپنے شوہر کے ساتھ باپ کے پاس ہسپتال آئی، جس کی آنکھوں میں آنسو جھلک رہے ہیں، چہرے پر خوشی بھی ہے، مگر باپ سے کچھ بول بھی نہیں سکتی کیونکہ ساری زندگی لاڈ پیار سے باپ نے پالا اور اب اس کی خراب طبیعت میں بھی رخصت ہو رہی ہے۔

بیٹی نے کہا کہ ابو شادی میں نہیں آئے تو میں خود اپنے شوہر کے ساتھ ہسپتال آگئی، اس وقت میرے دل کی کیفیت مجھ سے زیادہ کوئی نہیں جان سکتا، ساری زندگی جس نے کندھوں پر بٹھایا، آج وہ خود اپنے پیروں پر نہیں چل پا رہے اور میری وداعی کے وقت بابا ساتھ نہیں۔ آنکھوں میں آنسو کسی کے سامنے دکھلا نہیں سکتی ، مگر کسی بیٹی پر یہ وقت خدا کبھی نہ لائے۔

Facebook Comments