جمعرات 18 اپریل 2024

قلندرز کے خلاف سلطانز کی سنچری مکمل، آدھی ٹیم آؤٹ

قلندرز کے خلاف سلطانز کی سنچری مکمل، آدھی ٹیم آؤٹ

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کے خلاف ملتان سلطانز کی بیٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے معین علی کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ اگلے اوور میں ذٰشان اشرف بھی پویلین لوٹ گئے۔

4رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور روی بوپارہ کی جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 75رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ ڈیوڈ ویزے نے سلطانز کے کپتان شان مسعود کی 42رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے کیا۔

روی بوپارہ سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 33 رنز بنانے کے بعد ویزے کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ سیزن میں پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق بھی ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز نے اب تک 15 اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر109رنز بنائے ہیں۔

آج کے میچ میں فتح کی صورت میں لاہور قلندرز کی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لے گی۔

میچ کے لیے ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کرتے ہوئے شاہد آفریدی، محمد عرفان، سہیل تنویر اور عمران طاہر کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ملتان سلطانز: شان مسعود(کپتان)، روہیل نذیر، ذیشان اشرف، اسد شفیق، معین علی، روی بوپارہ، عثمان قادر، بلاول بھٹی، علی شفیق اور جنید خان۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، کرس لن، محمد حفیظ بین ڈنک، سمیت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، فرزان راجہ اور دلبر حسین

Facebook Comments