کھیل

کرس لِن کی سنچری، لاہور قلندرز پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) لاہور قلندرز نے کرس لِن کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 9وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے معین علی کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ اگلے اوور میں ذٰیشان اشرف بھی پویلین لوٹ گئے۔

4رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور روی بوپارہ کی جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 75رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ ڈیوڈ ویزے نے سلطانز کے کپتان شان مسعود کی 42رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے کیا۔

روی بوپارہ سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 33 رنز بنانے کے بعد ویزے کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ سیزن میں پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق بھی ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔

13 اوورز میں 91رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد سلطانز مشکلات میں گھرے نظر آتے تھے لیکن اس مرحلے پر خوشدل شاہ نے جارحانہ کا مظاہرہ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا۔

روہیل نذیر نے اننگز کے 15ویں اوورز میں اپنی ٹیم کے لیے میچ کا پہلا چھکا لگایا اور اس کے بعد خوشدل نے چھکوں کی بارش کرتے ہوئے روہیل نذیر کے ہمراہ 36گیندوں پر 74رنز کی شراکت قائم کی جس میں روہیل کا حصہ 24رنز کا رہا۔

سلطانز نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 186رنز بنائےاور آخری 5اوور میں ملتان سلطانز نے 77رنز کا اضافہ کیا۔

سلطانز کے خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29گیندوں پر 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ہدف کے تعاقب کے لیے کرس لِن اور فخر زمان میدان میں اترے۔

دونوں اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ملتان سلطانز کے تمام باؤلرز کی خبر لیتے ہوئے چھکے چوکوں کی بارش کردی۔

فخر اور لِن نے اپنی ٹیم کو 100رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا جس کے بعد 9ویں اوور کی آخری گیند پر کریز سے باہر نکل کھیلنے کی پاداش میں فخر اسٹمپ ہو گئے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 35گیندوں پر 57رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے کرس لِن کی جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کپتان سہیل اختر کے ہمراہ عمدہ شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی راہ ہموار کی۔

آسٹریلین بلے باز نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 55گیندوں پر 12 چوکوں اور 8چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 113رنز کی اننگز کھیلی۔

لاہور قلندرز نے 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ ممکنہ طور پر کراچی کنگز سے یو گا۔

اس سے قبل میچ کے لیے ملتان سلطانز نے اپنی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کرتے ہوئے شاہد آفریدی، محمد عرفان، سہیل تنویر اور عمران طاہر کو آرام کا موقع فراہم کیا ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: شان مسعود(کپتان)، روہیل نذیر، ذیشان اشرف، اسد شفیق، معین علی، روی بوپارہ، عثمان قادر، بلاول بھٹی، علی شفیق اور جنید خان۔

لاہور قلندرز: سہیل اختر(کپتان)، فخر زمان، کرس لِن، محمد حفیظ بین ڈنک، سمیت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، فرزان راجہ اور دلبر حسین

مزید دیکھیں

اس سے متعلق مزید

Leave a Reply

avatar
  سبسکرائب  
نوٹیفیکیشن
Back to top button
Close
Close