جمعرات 28 مارچ 2024

کرس لِن کی سنچری، لاہور قلندرز پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

کرس لِن کی سنچری، لاہور قلندرز پہلی مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) لاہور قلندرز نے کرس لِن کی شاندار سنچری کی بدولت ملتان سلطانز کو 9وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا اور ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے معین علی کی وکٹیں بکھیر دیں۔

ابھی سلطانز اس نقصان سے سنبھلے بھی نہ تھے کہ اگلے اوور میں ذٰیشان اشرف بھی پویلین لوٹ گئے۔

4رنز پر 2وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور روی بوپارہ کی جوڑی کی وکٹ پر آمد ہوئی اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 75رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ ڈیوڈ ویزے نے سلطانز کے کپتان شان مسعود کی 42رنز کی اننگز کا خاتمہ کر کے کیا۔

روی بوپارہ سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی 33 رنز بنانے کے بعد ویزے کی دوسری وکٹ بن گئے جبکہ سیزن میں پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق بھی ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔