ھفتہ 20 اپریل 2024

کورونا وائرس کے سبب شیفلڈ شیلڈ منسوخ، نیو ساؤتھ ویلز چیمپیئن قرار

کورونا وائرس کے سبب شیفلڈ شیلڈ منسوخ، نیو ساؤتھ ویلز چیمپیئن قرار

کرکٹ آسٹریلیا نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اپنے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ شیفلڈ شیلڈ کے فائنل کو منسوخ کرتے ہوئے نیو ساؤتھ ویلز کو چیمپیئن قرار دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سبب کرکٹ آسٹریلیا نے چند دن قبل راؤنڈ میچز کو منسوخ کردیا تھا اور منگل کو کرکٹ آسٹریلیا نے شیفلڈ شیلڈ کے فاتح کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ ملک میں ہر طرح کی کرکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے اپنے دفاتر بھی بند کردیے ہیں۔

نیو ساؤتھ ویلز کی ٹیم شیفلڈ شیلڈ کے 9میچوں میں سے 6 میں فتح کی بدولت پہلے ہی فائنل میں جگہ بنا چکی تھی جبکہ دفاعی چیمپیئن وکٹوریہ فائنل کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر موجود تھی۔

منگل کو میلبرن میں گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل پر نیوز ساؤتھ ویلز کی برتری نے ہمارے لیے فیصلے کو آسان بنا دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس فیصلے سے قبل مختلف پہلوؤں پر غور کیا کہ آیا شیفلڈ شیلڈ کو ملتوی کردیا جائے یا کچھ اور اقدام اٹھایا جائے لیکن موجودہ حالات میں ہم یہ فیصلہ کرنے پر مجبور ہو گئے۔