ھفتہ 20 اپریل 2024

مہنگائی کے باوجود صرف 150 روپے میں گھر کے چار سے چھ افراد کے لیے مزیدار کھانا بنانے کا طریقہ

مہنگائی کی بڑھتی ہوئي شرح نے ساری دنیا کو پریشان کر رکھا ہے۔ اس وقت لوگوں کی سب سے بڑی پریشانی کم بجٹ میں گھر والوں کا پیٹ بھرنا رہ گئی ہے۔ ایک عام سے گھر میں بھی کم از کم چار سے چھ افراد کا ہونا لازمی ہے اور ان افراد کا کھانے پینے کا بجٹ اگر بہت احتیاط سے بھی بنایا جائے تو کم از کم پندرہ سے بیس ہزار تک جا پہنچتا ہے۔

ایسے حالات میں مرد حضرات اگر آمدنی بڑھانے کے جتن کرتے نظر آتے ہیں تو خاتون خانہ محدود آمدنی میں گھر کے اخراجات کرنے کی کوشش کرتی نظر آتی ہیں۔ بڑھتی ہوئی عمر کے بچوں کو ایک متوازن غذا کی ضرورت ہوتی ہے جس کو پایہ تکمیل تک پہنچانا دن بدن مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے-

مگر ایک سگھڑ عورت ان تمام مسائل کے باوجود نہ صرف اپنی اچھی انتظامی صلاحیتوں کی بنا پر نہ صرف کم خرچ میں اچھا اور لذیذ کھانا بنا سکتی ہے بلکہ شوہر کی محدود آمدنی کے باوجود برے وقتوں کے لیے کچھ نہ کچھ بچت بھی کر لیتی ہے۔ اسی حوالے سے آج ہم آپ کو کم خرچ میں گھر چلانے اور کھانا بنانےکے کچھ ایسے گر بتائيں گے جن کے ذریعے نہ صرف کم خرچ میں لذیذ کھانا بنایا جا سکتا ہے بلکہ گھر کے تمام افراد کو اس میں خوش بھی کیا جا سکتا ہے-

محدود بجٹ میں باورچی خانے کے اخراجات پورے کرنے کا طریقہ
محدود بجٹ میں گھر کے افراد کے لیے ایک وقت میں صرف 150 روپے میں مزیدار کھانا بنانا ایک خواب کی طرح لگتا ہے جس کو کچھ اقدامات کے ذریعے نہ صرف پورا کیا جا سکتا ہے بلکہ اس میں بچت بھی کی جا سکتی ہے-

پورے ہفتے کے کھانے کا مینو طے کر لیں
ایک بہترین خاتون خانہ کا ایک اچھا منتظم ہونا بہت ضروری ہے ۔اور کامیاب افراد بغیر پلاننگ کے کوئی بھی کام نہیں کرتے ہیں۔ اس وجہ سے بچت کے لیے سب سے زیادہ ضروری ہے کہ آپ پورے ہفتے کا مینو بنا لیں جس میں گھر کے افراد کی تعداد، ان کی عمر اور ان کی پسندیدگی کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔

اس مینو میں صبح کے ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک کو پلان کریں اور اس کے درمیان اسنیکس وغیرہ کو بھی اپنی پلاننگ کا حصہ بنائیں۔ اس طرح ایک وقت کے بچے ہوئے کھانے کو اگلے وقت میں کسی نئے انداز میں تیار کرنے کا مارجن ذہن میں رکھیں۔

مثال کے طور پر ابلے ہوئے آلو کٹلس، آلو بھرے پراٹھے اور سینڈوچ وغیرہ بنانے میں استعمال کیے جا سکتے ہیں اسی طرح کم خرچ میں ہر عمر کے افراد کا پسندیدہ کھانا تیار کیا جا سکتا ہے-

سامان کی خریداری لسٹ کے مطابق کریں
ہفتے بھر کا مینو بنانے کے بعد سب سے اہم مرحلہ اس کے سامان کی خریداری کا ہوتا ہے۔ کچھ افراد یہ خریداری ہفتہ وار بنیاد پر کرتے ہیں جب کہ کچھ افراد یہ خریداری مہینے کے حساب سے کرتے ہیں اس خریداری سے قبل اس کی لسٹ گھر سے بنا کر لے کر جائيں اور اس لسٹ کے علاوہ کچھ بھی خریدنے سے احتیاط کریں کیوں کہ اس سے سارا بجٹ متاثر ہو سکتا ہے-

کھانا خود گھر پر بنائیں
اچھا کھانا بنانا ایک آرٹ ہوتا ہے جو کہ ایک وقت میں گھر والوں کو ایک مضبوط ڈور سے باندھتا ہے تو دوسری جانب پیسے اور صحت کی بچت کا بھی باعث ہوتا ہے۔ کوشش کریں کہ اپنے بجٹ کے مطابق نئی چیزوں کو بنانے کی کوشش کریں۔ اس طرح سے زیادہ مزیدار چیزیں بھی بنائی جا سکتی ہیں اور بچی ہوئی چیزوں کو اچھے انداز میں استعمال بھی کیا جا سکتا ہے-

موسمی سبزیاں خریدنے کو ترجیح دیں
موسمی سبزیاں قیمت کے اعتبار سے سستی مل جاتی ہیں اس وجہ سے اپنے مینو میں ان کو ترجیح دیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ موسم کی سبزیاں اگر مل جائیں تو ان کو زیادہ مقدار میں سستے داموں خرید کر اسٹور بھی کیا جا سکتا ہے جن کا استعمال بوقت ضرورت کیا جا سکتا ہے-

مثال کے طور پر جب ٹماٹر سستے ہوں تو ان کو فریز کر لیں یا پھر مٹر گاجر وغیرہ کو اسٹور کیا جا سکتا ہے اور اکثر کھانوں یا چاولوں میں ان کا استعمال کر کے کھانے کو نہ صرف لذیذ بنایا جا سکتا ہے بلکہ پیسوں کی بڑی بچت کی جا سکتی ہے- مثال کے طور پر مٹر گاجر کا پلاؤ ایک ایسا کھانا ہے جس کو گھر کا ہر فرد پسند کرتا ہے اور آدھا کلو چاول ایک وقت کے کھانے کے لیے کافی ہوتے ہیں جس میں مٹر ڈال کر اچار چٹنی کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے اور جس کی قیمت 150 تک ہی ہو سکتی ہے-

کچھ بھی ضائع نہ کریں
ایک مشہور کہاوت ہے کہ کوئی بھی چیز بے فائدہ نہیں ہوتی ہے اس قول کی اہمیت کو خاتون خانہ سے زيادہ کوئی نہیں سمجھ سکتا ہے۔ سگھڑ خاتون ہر چیز کو بوقت ضرورت بہترین انداز میں استعمال کرنے کا ہنر جانتی ہے۔ یہاں تک کہ بچی ہوئی روٹی کے ٹکڑوں کو دہی بھلوں کی صورت میں بہت لذیذ اسنیک کی صورت میں گھر والوں کو شام کی چائے کے ساتھ پیش کر سکتی ہے-

اسی طرح بچے ہوئے سالن جمع کر کے اس کو بھی مختلف انداز میں استعمال کرنے کا ہنر ایک سگھڑ عورت کے پاس ہوتا ہے جو اس کو مختلف انداز میں لذیذ انداز میں پیش کر کے نہ صرف پیسے بچا سکتی ہےبلکہ کھانے پینے کے ماہانہ بل کو بھی کم کر سکتی ہے-

Facebook Comments