جمعہ 13 دسمبر 2024

میرے پاس 30 ہزار ہیں میں کوئی کاروبار کرنا چاہتا ہوں، اس سوال کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین کے ایسے مشورے جو حیران کردیں

آج کل کے زمانے میں کسی سے سوشل میڈیا پر مشورہ مانگنا بالکل ایسے ہوتا جا رہا ہے کہ جیسے آپ کسی سے ادھار مانگ رہے ہیں یا خیرات مانگ رہے ہیں۔ لوگ آپ کی بات کو مذاق سمجھ کر اس سے نت نئی کہانیاں بنانا شروع کر دیتے ہیں- ایسا ہی ایک صارف کے ساتھ ہوا جس نے اپنے دوست کے حوالے سےایک سوشل میڈیا پیج پر پوسٹ لگائی کہ ان کے دوست کے پاس تیس ہزار روپے ہیں اور وہ ان سے کوئی کام شروع کرنا چاہتے ہیں ان کو مشورہ دیں کہ وہ اس محدود سرمائے سے کیا کام شروع کر سکتے ہیں- یہ ایک سنجیدہ پوسٹ تھی جس پر مشورہ مانگنے والے نے سوشل میڈیا کے حوالے سے لوگوں کے تجربات کے حوالے سے مشورہ مانگا مگر ان کے جوابات حیران کر دینے والے تھے-

یوٹیلٹی اسٹور سے چینی خرید کر بازار میں بیچ دو
تیس ہزار میں ہوٹیلٹی اسٹور سے سستی چینی خرید کر بازار میں مہنگی بیچنے کا کاروبار شروع کر دو جب کہ یہ بات تو سب ہی کو پتہ ہے کہ یہ جرم ہے – یوٹیلٹی اسٹور میں حکومت کی جانب سے ضروریات زندگی کی اشیا کو حکومت کی جانب سے سبسڈی دے کر عوام کو سستی فراہم کی جاتی ہیں جن میں حالیہ دور میں چینی کی بازار اور یوٹیلٹی اسٹور میں قیمت میں کافی فرق ہے- لیکن یوٹیلٹی اسٹور پر فراہم کی جانے والی چینی صرف گھریلو صارف کے لیے ہوتی ہے اور اس کو سستا خرید کر بازار میں بیچنا قانون کے حوالے سے ممنوع ہے-

نسوار کا کاروبار شروع کر دو
کسی نسوار کے شوقین کو مشورہ مانگنے والے صاحب بھی اپنے جیسے محسوس ہوئے اور انہوں نے ان کو نسوار کا کاروبار کرنے کا مشورہ دے ڈالا تاکہ ذرا سے منافع کے لالچ میں لوگوں میں زہر بانٹنا شروع کر دے- اس سے تو بہتر تھا کہ ایک گن خرید کر ڈکیتی ڈالنے کا مشورہ دے ڈالتے ۔

بقرہ عید پر بکرے بیچ دو
دنیا میں معصوم لوگوں کی کمی نہیں ہے ایسے ہی یہ صاحب بھی ہیں جن کا کہنا تھا کہ بقرہ عید آنے والی ہے تیس ہزار کا ایک بکرا خرید لو اور اس کو مہنگے داموں بیچ کر منافع کماؤ- اب کوئی ان کو بتائے کہ بکرا عید کے بعد کیا ایک بار پھر مشورے کی پوسٹ لگائے-

دودھ بیچو اور روز کا 1500 کماؤ
اس موقع پر ایک صاحب نے بہت ہمداردانہ مشورہ دیا کہ دس ہزار کا دودھ لے کر بیچیں تو اس سے ہر روز کا 1500 روپے منافع کما سکتے ہیں مگر کسی صاحب کو اس میں بھی مذاق کا عنصر نظر آگیا اور انہوں نے بتا دیا کہ جتنا پانی ملائیں اتنا زیادہ منافع بڑھایا جا سکتا ہے-

لکشمی چٹ فنڈ میں ڈال دو
لکشمی چٹ فنڈ میں پیسے ڈالو اور ایک مہینے میں ڈبل کر لو یہ مشورہ دینے والے شخص شائد ڈبل شاہ سے بہت ہی متاثر محسوس ہوتے ہیں لیکن ان کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ یہ کاروبار قانونی طور پر غلط ثابت ہو چکا ہے اور اس کو کرنے والے تمام افراد اس سے توبہ کر چکے ہیں اور اس کے باوجود بھی جو لوگ لالچ کے ہاتھوں ایسے نوسر بازوں میں پھنس جاتے ہیں وہ اپنی محنت کی کمائی اس میں گنوا سکتے ہیں-

کسی کے مشورے پر کان مت دھرو
ان تمام مشوروں میں سب سے اچھا مشورہ یہی تھا کہ بھائی کسی کے کہنے پر کان مت دھرو اور جو اپنے دل میں آئے وہی کرنا۔ اور حقیقی معنوں میں یہی مشورہ سب سے بہتر ہے کیوں کہ ہر کوئی ان تیس ہزار کو اپنے کاروبار کی بہتری میں استعمال کرنا چاہ رہا ہے تبھی وہ ان کو ان باکس میں آنے کا مشورہ دے رہے ہیں تاکہ ایک معصوم کے پیسے ہڑپ کر سکیں-

Facebook Comments