منگل 16 اپریل 2024

کرونا وائرس: افریقی ملک کے سائنس دانوں کا بڑا کارنامہ

ابوجا(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) مغربی افریقا کے ملک نائیجیریا نے کرونا وائرس کی 2 ویکسینز تیار کر لی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نائیجیریا حکومت کے سیکریٹری اور کو وِڈ 19 کے خلاف جدوجہد کمیٹی کے سربراہ بوس مصطفیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے سائنس دانوں نے کرونا وائرس کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی ویکسینز تیار کر لی ہیں۔

بوس مصطفیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ مقامی طور پر تیار کردہ کرونا ویکسینز کے کلینیکل تجربات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کلینیکل تجربات مکمل ہونے اور منظوری سرٹیفیکیٹ حاصل ہونے کے بعد مقامی ویکسینز کا استعمال شروع کر دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا یہ کامیابی سائنسی میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی، اور اس سے ملک کی میڈیکل انڈسٹری کے حوصلے بڑھیں گے، متعلقہ اداروں سے اپیل ہے کہ ملکی محققین کے ساتھ تعاون کریں، تاکہ ان کی بھرپور حوصلہ افزائی ہو۔

خیال رہے کہ کرونا ویکسین کے سلسلے میں ڈبلیو ایچ او اور دیگر اداروں کے تحت شروع ہونے والے عالمی رسائی پروگرام ’کوویکس‘ کے تحت نائیجیریا آسٹرا زینیکا ویکسین کی 42 لاکھ 24 ہزار خوراکیں وصول کر چکا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اپریل میں ایک افریقی ملک مڈغاسکر کے صدر آنڈری رجولینا نے کرونا وائرس کی مؤثر شافی دوا کے طور پر مقامی طور پر تیار کردہ ایک مشروب Covid Organics لانچ کیا تھا، اسے مڈغاسکر کے سائنسی ادارے مالاگاسی انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ ریسرچ نے تیار کیا تھا۔

Facebook Comments