اتوار 19 مئی 2024

کراچی پولیس کا اہلکاروں کی پرانی ویڈیوز وائرل کرنے کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کراچی پولیس کا اہلکاروں کی پرانی ویڈیوز وائرل کرنے کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

کراچی: ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پرانی اور غیر متعلقہ ویڈیوز وائرل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کا سوشل میڈیا پر ساؤتھ زون کی مختلف ویڈیوز وائرل ہونے کے معاملے پر کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کی جانب سے پرانی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی ویڈیو کو کراچی کی ویڈیو بنا کر وائرل کیا گیا جب کہ سی ویو کی ڈھائی سال پرانی ویڈیو کو دوبارہ سوشل میڈیا پر ڈال کر وائرل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی ساؤتھ زون کا کہنا تھا کہ ان واقعات میں ملوث اہلکاروں کے خلاف اس وقت محکمہ جاتی کارروائی کی جا چکی ہے۔

ایس ایس پی شیراز نذیر نے بتایا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو تمام تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب شیراز نذیر نے سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری ایسی کوئی ویڈیو تصدیق کے بغیر سوشل میڈیا پر نا ڈالیں جس سے معاشرے میں افراتفری اور انتشار پھیلے۔

Facebook Comments