جمعرات 28 مارچ 2024

حدیقہ کیانی کی اداکاری کی جھلک دیکھ کر مداح حیران

حدیقہ کیانی کی اداکاری کی جھلک دیکھ کر مداح حیران

ستمبر 2020 میں اداکارہ فریال محمود نے انسٹاگرام پوسٹ میں انکشاف کیا تھا کہ جلد ہی گلوکارہ حدیقہ کیانی اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی۔

اور اب گلوکارہ کی اداکاری کی پہلی جھلک سامنے آنے کے بعد مداح حیران رہ گئے کہ اتنی خوبرو دکھائی دینے والی گلوکارہ اداکاری میں کیسی دکھائی دے رہی ہیں؟

حدیقہ کیانی کو ان کی صحت اور فٹنیس کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے، اس وجہ سے ان کی اداکاری کی جھلکیاں سامنے آنے کے بعد مداح حیران رہ گئے اور وہ پہچاننے میں ہی نہیں آ رہیں۔

حدیقہ کیانی نے اپنی اداکاری کے ڈیبیو کے حوالے سے ڈان امیجز کو بتایا کہ وہ، ہم ٹی وی کے لیے بنائے جانے والے ڈرامے ‘رقیب سے’ میں سکینہ نامی خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

انہوں نے شوٹنگ کے دوران کچھوائی گئی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں ایک منفرد روپ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

حدیقہ کیانی نے اداکاری کے آغاز کو اپنے لیے ایک نیا تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اداکاری کے آغاز کی یادیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔

انہوں نے اداکاری کو گلوکاری سے منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ دراصل اداکاری سے وہ اپنی ذات کو تلاش کر رہی ہیں اور سکینہ کا کردار ادا کرنے سے انہیں محسوس ہو رہا ہے کہ کئی سال سے ایک سکینہ ان کے اندر موجود تھیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ساتھی اداکاروں سے انہیں سیکھنے کو بہت کچھ مل رہا ہے اور خاص طور پر نعمان اعجاز اور ثانیہ سعید نے انہیں قیمتی مشورے بھی دیے، جن سے ان کی اداکاری بہتر ہوئی۔

حدیقہ کیانی نے بتایا کہ نعمان اعجاز نے انہیں مشورہ دیا کہ اداکاری کے وقت وہ اپنی شخصیت، خیالات اور حقیقی زندگی کو بھلا کر کردار میں ڈھل جائیں، وہ صرف یہ سوچیں کہ ان کی ذات وہی ہے جس کا وہ کردار ادا کر رہی ہیں۔

گلوکارہ نے بتایاکہ نعمان اعجاز کے مشورے سے انہیں اداکاری کرنے میں آسانی ہوئی اور وہ اپنی ڈیبیو پرفارمنس کے لیے پر اُمید ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گلوکاری کرنا اور اسٹیج پر بطور گلوکارہ پرفارمنس کرنا ذاتی کام ہوتا ہے جب کہ اداکاری میں پوری ٹیم کی محنت ہوتی ہے اور انہیں ‘رقیب سے’ کی شوٹنگ کے دوران احساس ہوا کہ وہ ایک نئے خاندان کے ساتھ ہیں۔

حدیقہ کیانی نے بتایا کہ ‘رقیب سے’ کا ٹائٹل گانا بھی انہوں نے ہی گایا ہے، جس کی شاعری ان کی والدہ خاور کیانی نے لکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ڈرامے میں سکینہ نامی ایک مضبوط خاتون کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی اور انہیں مذکورہ کردار سے سیکھنے اور سمجھنے کو بہت کچھ ملا۔

‘رقیب سے’ میں حدیقہ کیانی کے علاوہ نعمان اعجاز، ثانیہ سعید، اقرا عزیز اور فریال مخدوم سمیت دیگر اداکار شامل ہیں اور اس کی کہانی بی گل نے لکھی ہے جب کہ اس کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

‘رقیب سے’ کو مومنہ درید نے پروڈیوس کیا ہے اور اسے جلد ہی ہم ٹی وی پر نشر کیا جائے گا تاہم اسے نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

Facebook Comments