پیر 29 اپریل 2024

آڈیو کال کے بعد ‘مختاریا’ گانا بھی سامنے آگیا

آڈیو کال کے بعد ‘مختاریا’ گانا بھی سامنے آگیا

وزیراعظم عمران خان کے ترجمان ندیم افضل چن کی اپنے قریبی دوست حسین باجوہ عرف مختاریا کے ساتھ لیک ہونے والی واٹس ایپ آڈیو کال کافی مقبول تھی لیکن اب ‘مختاریا’ پر گانا ریلیز کردیا گیا ہے۔

گلوکار و ڈی جے سمیع اور گلوکار عباس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ‘مختاریا’ گانا ریلیز کیا گیا جو کہ خوب مقبول ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:’چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں‘

گانے کا دورانیہ 3 منٹ 48 سیکنڈز ہے جس کی ویڈیو میں دیہاتی ماحول کو دکھایا گیا ہے اور اس میں وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کی واٹس ایپ آڈیو کال کی بات کو لیرکس کی شکل میں ڈھال کر گانے میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن کا ایک آڈیو کلپ وائرل ہوا تھا جس میں وہ ‘مختاریا’ سے مخاطب ہو کر کورونا وائرس سے متعلق احتیاط کرنے کے حوالے سے بات کر رہےتھے۔

بعدازاں ندیم افضل چن کے اس آڈیو کلپ پر اتنی بات کی گئی کہ یہ ٹوئٹر پاکستان کے ٹرینڈ پینل پر نمبر ون ٹرینڈ پر رہا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد کو مختاریا کی تلاش تھی تاہم چند روز قبل ندیم افضل چن کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں وہ’مختاریا’ کو سامنے لائے تھے۔

ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ان کے ہمراہ وائرل آڈیو کِلپ سے مشہور ہونے والے اُن کے قریبی دوست مختار حسین باجوہ عرف مختاریا موجود تھے۔

Facebook Comments