منگل 30 اپریل 2024

کراچی میں لاک ڈاؤن کے باوجود دن دہاڑے ڈکیتیاں

کراچی میں لاک ڈاؤن کے باوجود دن دہاڑے ڈکیتیاں

کراچی: لاک ڈاؤن کے باوجود شہر میں دن دہاڑے گھروں میں ڈکیتیوں کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 5 اور بلاک 3 کے دو گھروں میں ڈکیتیاں ہوئیں اور دونوں وارداتوں میں تقریباً آدھے گھنٹے کا وقفہ تھا۔

ڈاکو وائٹ کرولا میں سوار تھے اور جن گھروں میں ڈکیتیاں ہوئیں ان کے بارے میں باخبر تھے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال عروج پر ہے، مراد علی شاہ

پہلے ملزمان نے گلشن اقبال بلاک 3 کے گھر میں ڈکیتی کی، پھر بلاک 5 میں ایک بیوہ کے گھر میں داخل ہوئے، ملزمان کو علم تھا کہ رقم اور سونے کے زیورات کہاں رکھے ہیں، ملزمان ان کمروں کے علاوہ کسی اور کمرے میں گئے اور نہ ہی کچھ اور لوٹا۔

متاثرہ بیوہ کے شوہر بینک میں ملازم تھے اور حال ہی میں ان کا انتقال ہوا تھا۔

متاثرہ بیوہ کے بیٹے نے جیو نیوز کو بتایا کہ صرف میرے گھر سے تقریباً 40 لاکھ روپے اور اتنی ہی مالیت کا سونا لوٹا گیا جب کہ بالائی منزل پر رہنے والی میری چچا کی فیملی سے بھی رقم اور زیورات لوٹ لیے گئے۔

اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار تفتیش کے لیے آئے تو روزہ کھلوانے پر اصرار کرتے رہے، تاحال واقعے کا مقدمہ بھی درج نہیں کیا جاسکا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ وارداتیں ہوئی ہیں تاہم رقم اور سونا کتنا لوٹا گیا یہ تحقیقات میں پتہ چلے گا۔

Facebook Comments