جمعہ 26 اپریل 2024

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی فوری بحال کر دی: کے الیکٹرک

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی فوری بحال کر دی: کے الیکٹرک

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی کو پانی فراہم کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر چند منٹوں کے لیے آنے والے بجلی کے تعطل کو فوری بحال کر دیا گیا ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی واٹر بورڈ کے تمام پمپنگ اسٹیشنز لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی معطل، کراچی کو پانی کی فراہمی بند

ترجمان کے الیکٹرک کا مزید کہنا ہے کہ کراچی واٹر بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز پر متبادل ذرائع سے بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ کے الیکٹرک کا عملہ واٹر بورڈ حکام سے رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہو گئی تھی۔

ایک بیان میں ترجمان واٹر بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی رات 12 بج کر 38 منٹ پر معطل ہوئی ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا یہ بھی کہنا تھا کہ واٹر بورڈ نے بڑی مشکل سے عید پر شہر کو پانی کی فراہمی ممکن بنائی تھی۔

Facebook Comments