جمعہ 26 اپریل 2024

موجودہ حکومت بی آئی ایس پی کو سبوتاژ کررہی ہے، بلاول بھٹو

موجودہ حکومت بی آئی ایس پی کو سبوتاژ کررہی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت بی آئی ایس پی کو سبوتاژ کررہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی پاکستان کا کامیاب پروگرام ہے جس کی دنیا میں پہچان ہے، بی آئی ایس پی سے 9 لاکھ لوگوں کو نکالا گیا تاریخ یاد رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ احساس کے نام پر موجودہ حکومت شہیدوں کے کام کا کریڈٹ لینا چاہتی ہے، احساس کے نام پر مذاق کیا جارہا ہے، بجٹ پیش کیا گیا تو کہا تھا یہ عوام کے معاشی حقوق پر حملہ ہے، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے عوام کے معاشی حقوق کی حفاظت کرے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کے حقوق پر سودے بازی کرنے سے مسائل بڑھتے ہیں، 7 ماہ میں تقریباً 400 ارب روپے کا ٹیکس شارٹ فال ہے، حکومت کی معاشی پالیسیاں عوام دشمن ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کے لوگ تعینات ہیں اور آئی ایم ایف سے مذاکرات کرتے ہیں، پی ٹی آئی آئی ایم ایف ڈیل کے بعد پاکستان کی معیشت پاکستان کی نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے کچھ نہیں کیا جارہا ہے، مہنگائی دن بدن بڑھتی جارہی ہے، موجودہ حکومت آئی تو مہنگائی، بیروزگاری تھی اب اور بڑھ گئی ہے، یہ سیاسی بیان بازی نہیں، حقائق سامنے لارہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کے اپنے ادارے مہنگائی اور بیروزگاری سے متعلق آگاہ کررہے ہیں، حکومتی ادارے کہتے ہیں گزشتہ ایک سال میں مہنگائی تیزی سے بڑھی ہے، عوام پوچھتے ہیں بچوں کو کھانا کھلائیں یا بجلی گیس کے بل دیں، عوامی نمائندے اس معاشی قتل پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

Facebook Comments