پیر 20 مئی 2024

آپا ۔۔ اللہ آپ کو صحت عطا فرمائے، شہباز گل کا کورونا کا شکار مریم نواز کے لیے پیغام

اسلام آباد (دھرتی نیوز) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کورونا وائرس کا شکار نائب صدر ن لیگ مریم نواز کے لیے دعاؤں کا پیغام بھیجا ہے۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ میں مریم نواز کو ’آپا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابھی پتہ چلا کہ آپا مریم صفدر کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
اللہ آپا کو صحت عطا فرمائے۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز بھی کورونا وبا کی چوتھی لہر کی لپیٹ میں آ گئی ہیں،ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔مریم نواز نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔مریم نواز کچھ دنوں سے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بہت مصروف رہیں اور ریلیوں میں بھی شریک رہیں۔

مریم نواز نے کورونا سے صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کے پیغامات بھیجنے والوں کو شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئیں، گھر میں میرا باقاعدہ علاج کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا سے جلد صحتیابی کیلئے دعائیں اور نیک خواہشات کے پیغامات بھیجنے والوں کی مشکور ہوں۔ انہوں نے کورونا مثبت آنے سے متعلق بتایا کہ مجھے بخار، کھانسی اور فلو کی علامات ظاہر ہوئیں۔


لیکن گھر میں ہی باقاعدہ علاج کروا رہی ہوں۔

۔واضح رہے کہ ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 44 افراد چل بسے ،4119 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، کورونا مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر تقریباً 8 فی صد ہو گئی۔
پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 4 ہزار 119 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 44 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 7 ہزار 20 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 8 فیصد ہو گئی۔

Facebook Comments