اتوار 05 مئی 2024

ڈیجیٹل اور ورچوئل کرنسی اکائونٹس کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

ڈیجیٹل اور ورچوئل کرنسی اکائونٹس کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل اور ورچوئل کرنسی اکائونٹس کو بھی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ویب سائٹ ’پروپاکستانی‘ کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کی طرف سے ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کے لیے ایک ریگولیٹری فریم ورک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ آن لائن کرنسیوں کے غلط استعمال کو روکا جا سکے کیونکہ وقت کے ساتھ ساتھ دنیا میں ورچوئل کرنسی کی ویلیو بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک عالمی سطح پر اس کی ویلیو 7ارب یوروسے تجاوز کر چکی ہے۔

ایس ای سی پی نے اس حوالے سے ایک دستاویز تیار کر لی ہے۔ پاکستان میں یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ کسی ریگولیٹری باڈی نے ڈیجیٹل اور ورچوئل اثاثوں کو قانون کے دائرے میں لانے کے لیے اقدام اٹھایا ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق ڈیجیٹل اثاثے ڈیجیٹل فنانس کے دور کا آغاز ہیں۔ آئندہ سالوں میں دنیا میں آن لائن کرنسیوں کا چلن عام ہو جائے گا چنانچہ ہمیں ابھی اس کے لیے تیار ہونا چاہیے۔ اسی مقصد کے تحت ڈیجیٹل اثاثوں کو منظم کرنے کا یہ اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔

Facebook Comments