اتوار 05 مئی 2024

سعودی عرب، کارگو کمپنی کے ملازم کو لاکھوں ریال اسمگل کرنا مہنگا پڑگیا

کارگو کمپنی

ریاض(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب میں کارگو کمپنی کے ملازم کو 60 لاکھ ریال اسمگل کرنا مہنگا پڑ گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ کارگو کمپنی کے ملازم کو 60 لاکھ ریال کی اسمگلنگ کا الزام ثابت ہونے پر تین برس قید کی سزا کا حکم سنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملازم غیرملکی ہے، اس سے پوچھ گچھ کے دوران یہ بات ثابت ہوگئی کہ اس نے غیرقانونی طریقے سے 60 لاکھ ریال کی اسمگلنگ میں حصہ لیا ہے۔

کارگو کمپنی کے غیرملکی ملازم کو 5 لاکھ ریال کارگو کمپنی کی گاڑی سے جدہ منتقل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ رقم کی اسمگلنگ کا جرم اس نے پہلی بار نہیں کیا، ماضی میں بھی وہ اس قسم کی وارداتیں کرتا رہا ہے، وہ کئی لوگوں کے ساتھ مل کر 60 لاکھ ریال اسمگل کرچکا ہے۔

عدالت نے اسمگلنگ کا الزام ثابت ہوجانے پر غیرملکی کو تین برس قید اور بیس ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی اور برآمد شدہ رقم ضبط کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی حکم کے مطابق مجرم سزا کے خلاف اپیل دائر نہیں کرسکے گا جبکہ سزا بھگتنے کے بعد اسے مملکت سے بے دخل کردیا جائے گا۔

سعودی پبلک پراسیکیوشن کے عہدیدار نے بتایا کہ اسمگل شدہ رقم کی برآمدگی کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

Facebook Comments