پیر 20 مئی 2024

پی ایس ایل کے لاہور میں شیڈول میچز بھی کراچی منتقل کئے جانے کا امکان مگر کیوں؟ لاہوریوں کیلئے افسوسناک خبر

 لاہور(دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں جاری ہے جس میں سنسنی سے بھرپور مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں تاہم چند روز قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایک غیر ملکی کھلاڑی کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر کھلبلی مچ گئی اور اب لاہور میں شیڈول میچز بھی کراچی منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پیر کے روز شیڈول میچ سے قبل یہ خبر آئی کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس پر انہیں فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا جبکہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں روک کر ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے جبکہ میچ بھی پہلے تاخیر سے شروع کرنے کا اعلان ہوا لیکن بعد ازاں اسے موخر کرتے ہوئے منگل کے روز کھیلا گیا۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کل دوبارہ تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے اراکین کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کئے جائیں گے اور اگر کیسز مثبت سامنے آئے تو بورڈ کے پاس تجویز زیر غور ہے کہ لاہور مرحلے کے میچز کراچی منتقل کر دئیے جائیں تاہم ماہرین کرکٹ اور سپورٹس صحافی اس امر کا اظہار کر رہے ہیں کہ گزشتہ دنوں کی طرح کل بھی اچھی خبر سننے کو ملے گی اور لاہور کے میچز لاہور میں ہی ہوں گے تاہم اس حوالے سے کوئی بھی فیصلہ جمعرات کو ہونے والی ٹیسٹنگ کے نتائج پر منحصر ہو گا۔

 دوسری جانب پی سی بی کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل کی سیکنڈ لیگ کے میچز شیڈول کے مطابق لاہور میں ہی کھیلے جائیں اور اس بات کو یقینی بنانے کی خاطر کھلاڑیوں کی لاہور منتقلی کو محفوظ بنانے کیلئے تین چارٹرڈ فلائٹس بھی بک کروا لی گئی ہیں اور سب کچھ نارمل رہا تو ٹیمیں سات اور آٹھ مارچ کو لاہور کیلئے اڑان بھریں گی اور قذافی سٹیڈیم کو رونق بخشیں گی۔

Facebook Comments