پیر 20 مئی 2024

پنجاب حکومت نے ایکسپورٹرز کو بڑی خوشخبری سنا دی

لاہور(دھرتی نیوز، نیشنل ڈیسک) پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز ہمارے سروں کا تاج ہیں جو قوم کے لیے قیمتی زر مبادلہ کماتے ہیں،ایکسپورٹرز پنجاب کی صنعت, تجارت و زراعت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں،ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرائیں گے۔
‏پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام برآمد کنندگان کے مسائل کےحل اور اس شعبہ کی ترقی و ترویج کیلئے منعقدہ پروگرام “پبلک پرائیویٹ ڈائیلاگ” میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس خان نے شرکت کرنے والوں کو خوش آمدید کہا،اس موقع پر وزیر برائے انڈسٹری میاں اسلم اقبال، وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور سی ای او پبٹ ڈاکٹر ارفع اقبال بھی موجود تھی جبکہ تقریب میں لاہور چیمبر آف کامرس سمیت سیالکوٹ، گجرات ،گجرانوالا فیصل آباد،ملتان چیمبر اور دیگر شہروں کے چیمبر آف کامرس کے صدور، نائب صدور، تاجر، اور صنعت کار بھی شریک تھے۔تقریب میں موجود شرکاء نے پنجاب کی تمام ڈرائی پورٹس کو فعال کرنے، ٹیکسٹائل پالیسی کی جلد منظوری، سیالکوٹ میں ٹیکنیکل یونیورسٹی اور ایکسپو سنٹر کے قیام، سرجیکل سیکٹر میں لیبر کی عدم دستیابی بائیو ٹیکنالوجی ویلیج کے قیام اور ہینڈ کرافٹس کو ڈیوٹی فری کرنے کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔

Facebook Comments