جمعہ 17 مئی 2024

سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

سعودی عرب میں گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان پہنچ گئی

پشاور: سعودی عرب سے گرفتار خاتون کی بیٹی ایمان پاکستان کے شہر پشاور پہنچ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ایمان پاکستان پہنچ گئی، بچی کی والدہ رانی بی بی کو مئی 2019 میں منشیات اسمگلنگ کیس میں جدہ میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد قونصل خانے کے فلاحی ونگ نے 4 سالہ ایمن کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

   ایمان 10 ماہ سے جدہ میں محکمہ سوشل پروٹیکشن میں مقیم تھی، ایمان کی جدہ کی جیل میں ماں سے الوداعی ملاقات کرائی گئی جس کے بعد اسے پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے آج بچی کو جدہ سے پشاور کے لیے روانہ کیا گیا۔

ننھی ایمان جدہ سے پشاور پی آئی اے کی پرواز PK 0736 کے ذریعے پشاور ائیر پورٹ پہنچی، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن اور ایمان کے چچا بھی ہمراہ تھے۔

خیال رہے کہ بچی کی والدہ رانی بی بی کا تعلق سوات سے ہے، جسے ہیروئن اسمگلنگ کے جرم میں سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا تھا، خاتون کو عمر قید یا سزائے موت سنائے جانے کا امکان ہے۔ رانی بی بی مئی 2019 میں 4 سالہ بچی کے ہمراہ جدہ روانہ گئی تھیں، سعودی حکام نے جدہ ائیرپورٹ پر ہیروئن سے بھرے کیپسول برآمد ہونے پر انھیں گرفتار کیا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر معاون خصوصی زلفی بخاری اور وزارت اوورسیز نے سعودی حکام سے رابطے کیے تھے جس کے بعد 4 سالہ ایمان کو سعودی عرب سے پاکستان لانے کی اجازت ملی تھی، زلفی بخاری نے حکام کو بچی کی مکمل دیکھ بھال، تعلیمی ضروریات کی تکمیل اور بہتر ماحول فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Facebook Comments