ھفتہ 27 اپریل 2024

فرانس میں وبا کی تیسری لہر میں شدت، پیرس سمیت سولہ اضلاع میں لاک ڈاؤن

پیرس(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس میں وبا کی تیسری لہر میں شدت ، دارالحکومت پیرس اور سولہ اضلاع میں ایک ماہ کیلئے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ۔

لاک ڈاؤن سے متاثرہ شہروں میں یونیورسیٹیاں ، اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے ، تمام سیاحتی مقامات بند رہیں گے ، سماجی تقاریب پر مکمل پابندی ہوگی ، ریسٹورینٹ ، کیفے ، جمنا زیم اور سوئمنگ پولز بھی بند رہیں گے ، شہریوں کو ضروری سفر کیلئے اجازت نامہ دکھا کر رہائش سے دس کلومیٹر تک سفر کرنے کی اجازت ہوگی ، فرانس میں اب تک پچپن لاکھ افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے ۔

دوسری جانب دنیا بھر میں عالمی وبا سے 27 لاکھ 3 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 12 کروڑ 23 لاکھ 55 ہزار سے بڑھ گئی ۔

 انگلینڈ میں موسم سرما کے لاک ڈاؤن میں تاخیر کرنے سے 27 ہزار اضافی اموات ہوئیں ۔ برطانوی تھنک ٹینک نے لاک ڈاؤن کا آغاز کرنے میں تاخیر کرنے کو برطانوی حکومت کی بہت بڑی غلطی قرار دیا ہے ۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے وقت کے ساتھ عالمی وبا نزلہ ، زکام کی طرح موسمی بیماری بن جائے گا ۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ وبا طویل مدت تک دنیا میں رہے گا ۔

ادھر امریکا کا ایسٹرازینیکا ویکسین کی 40 لاکھ خوراکیں میکسیکو اور کینیڈا بھیجنے کا منصوبہ ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں وبا کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد ہوگئی ، 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 459 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وبا سے مزید 40 افراد دم توڑ گئے ۔ اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار 757 ہو گئی ۔

 ملک میں ویکسینیشن کے لیے 8 لاکھ افراد نے رجسٹریشن کرائی ، رجسٹرڈ ہونے والوں میں ہیلتھ ورکرز اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں ۔

این سی او سی کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے 30 میں سے 28 علاقوں کے سیوریج نمونوں میں وبا کی موجودگی کا انکشاف ہوا ۔

Facebook Comments