ھفتہ 27 اپریل 2024

عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے بعد حکومت نے سخت فیصلوں سے خبردار کر دیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز)  عالمی وبا کے بڑھتے کیسز کے بعد حکومت نے سخت فیصلوں سے متعلق آگاہ کر دیا ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے خبردار کیا کہ ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح اسی طرح رہی تو پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں سخت اقدامات کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کی خریداری کے لیے چین کی دو کمپنیوں کیسنو بائیو اور سائنو فام سے معاہدہ ہو گیا ہے، ویکسین کی پہلی کھیپ 25 مارچ اور دوسری 30 مارچ کو پاکستان پہنچے گی،دوسری طرف صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کوروناویکسینیشن کے حوالہ سے اپنے ایک پیغام میں 60سے70سال عمر کے درمیان بزرگ افرادکوپن کوڈ کے ہمراہ ویکسینیشن سنٹرزپرآنے کی ہدایت کی ہے۔

 پنجاب کے تمام ویکسینیشن سنٹرزپر70سال سے زائدمعززبزرگ شہریوں کو بغیر پن کوڈ کوروناویکسین لگائی جارہی ہے،60سے70سال عمرکے درمیان افرادکو پن کوڈ کے ہمراہ آنے کی اپیل ان کی اپنی آسانی کیلئے کی گئی ہے،صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ عوام کی آسانی کیلئے کورونا ویکسینیشن بارے معلومات باربارفراہم کررہے ہیں۔

شیڈول کے مطابق فرنٹ لائن ہیلتھ کئیرورکرزکوروناویکسینیشن کیلئے ایکسپوسنٹرلاہورمیں آسکتے ہیں،ایکسپوسنٹرلاہورمیں فرنٹ لائن ہیلتھ کئیرورکرز کیلئے خصوصی کاؤنٹرزقائم کئے گئے ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ 60سے70سال عمرکے درمیان افرادکی رہنمائی کسی قسم کی پریشانی سے بچنے کیلئے کررہے ہیں۔پنجاب کے تمام ویکسینیشن سنٹرزپرصرف 60سال عمرسے زائدافرادکوہی کوروناویکسین لگائی جارہی ہے۔

 واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے باعث عالمی وبا کے مریضوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور ملک بھر میں اب تک 13757 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 6 لاکھ 19 ہزار سے زائد افراد متاثر بھی ہو چکے ہیں۔

Facebook Comments