پیر 06 مئی 2024

افسران کی کارکردگی سے متعلق چیئرمین نیب کا بڑا قدم

افسران کی کارکردگی سے متعلق چیئرمین نیب کا بڑا قدم

اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے افسران کی کارکردگی سے متعلق بڑا قدم اٹھا لیا، نیب پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

  نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب پراسیکیوٹرز اور تفتیشی افسران کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے، اس سلسلے میں افسران کو سخت ہدایات جاری کر دی گئیں۔

اعلامیے میں چیئرمین نیب کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پراسیکیوٹرز اور آئی اوز جامع تیاری سے عدالتوں میں پیش ہوں، بغیر تیاری پیش ہونے والے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، نیب پراسیکیوٹرز کے دلائل کا بھی اب قانون کے مطابق جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس شریف خاندان اور سہولت کاروں سمیت بڑی مچھلیوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے، اور نیب لاہور میں کام کا دباؤ بڑھنے کے باعث پراسیکیوٹرز کی باقاعدہ تربیت کا عمل شروع کیا گیا تھا، جس کے لیے ماسٹر ٹرینرز نے نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اہل کاروں کو تربیت دی۔

گزشتہ برس دسمبر کے اختتام پر قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے سال 2019 کی کارکردگی رپورٹ میں بتایا تھا کہ ایک سال کے دوران 94 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی جب کہ متعدد اہم سیاسی شخصیات کو مختلف بدعنوانی کے مقدمات اور ریفرنسز دائر ہونے پر گرفتار بھی کیا گیا۔

Facebook Comments