جمعہ 17 مئی 2024

کروڑوں مالیت کے زیورات چرانے والی ملازمہ کے سنسنی خیز انکشافات

کروڑوں مالیت کے زیورات چرانے والی ملازمہ کے سنسنی خیز انکشافات

نئی دہلی : بھارتی پولیس نے ممبئی میں ایک خاتون ملازمہ کو گرفتار کیا ہے جس پر مالک کے گھر سے 1 کروڑ سے زائد مالیت کے زیورات چوری کرنے کا الزام ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی کے علاقے جوہو میں چوری کی حیرت انگیز واردات ہوئی جہاں گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کروڑوں روپے مالیت کے زیورات لے اڑی۔

ملزمہ کی شناخت سُمن پور کے نام سے ہوئی ہے جو چیمبر کی رہائشی ہے، ملزمہ کو متاثرہ مالک کے بیٹے سے بطور کیئر ٹیکر ملازمت پر رکھا تھا۔

شکایت کنندہ نیلیش رتھی نے پولیس کو بتایا کہ ‘مجھے اپنی عمر رسیدہ والدہ کی دیکھ بھال کےلیے ایک کیئر ٹیکر کی ضرورت تھی کیونکہ وہ فلیٹ میں اکیلی رہتی ہیں اور گزشتہ ماہ ان کی سرجری بھی ہوچکی ہے، اسی لیے میں نے سمن پور نامی خاتون کو اپنے ہاں ملازمت پر رکھ لیا۔

پولیس کا کہنا ہے سمن پور کرمنل ریکارڈ نکالا تو معلوم ہوا کہ ملزمہ ماضی میں بھی چوریاں کرچکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ نیلیش کی والدہ کو ایک دن معلوم ہوا کہ گھر سے تمام زیورات غائب ہیں اور کیئرٹیکر بھی نظر نہیں آرہی، جس کے بعد انہوں نے اپنے بیٹے کو مطلع کیا۔

نیلیش کی شکایت پر پولیس افسر نے 15 افراد پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جو ملزمہ کی گرفتاری کےلیے عملی اقدامات کرسکے، مذکورہ ٹیم میں بلڈنگ کا سیکیورٹی گارڈ اور متاثرہ فیملی کے افراد بھی شامل تھے تاکہ ملزمہ کی نشاندہی کرنے میں آسانی رہے۔

پولیس کی حراست میں آنے کے بعد ملزمہ نے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات کی چوری کا اعتراف کیا، جس کے بعد پولیس نے ملزمہ کے گھر سے مسروقہ سامان برآمد کیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اگر نیلیس سمن پور کو ملازمت پر رکھنے سے قبل تھانے سے تحقیقات کرلیتا تو اتنے بڑے نقصان سے بچ جاتا۔

Facebook Comments